یوپی اے حکومت پر تلگو عوام کی توہین کا الزام - مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-02

یوپی اے حکومت پر تلگو عوام کی توہین کا الزام - مودی

بی جے پی کے امیدوار وزارت عظمیٰ نریندر مودی نے آج تلگو وقار کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یوپی اے حکومت نے تلگو عوام کی توہین کی اور ان کی خواہشات کے برعکس آندھرا پردیش کو تقسیم کردیا ۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ یوپی اے حکومت نے عوام کو اعتماد میں لئے بغیر یہ اقدام کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ماں بیٹے کی حکومت اور کانگریس پارٹی نے دہلی میں بیٹح کر جب کبھی موقع ملا تلگو عوام کی توہین کی۔ انہوں نے سیما آندھرا اور تلنگانہ کے انتخابی دوروں کا آغاز کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ماں بیٹے کی حکومت نے نئی ریاستوں کا یوم تاسیس2جون مقرر کیا ہے ، کیوں کہ یہ تاریخ اٹلی کا بھی یوم تاسیس ہے۔ یہ الزام عائد کرتے ہوئے ماں بیٹے کی حکومت کے تحت ہمارا ملک اسکام انڈیا بن گیا ہے،63سالہ بی جے پی قائد نے کہا کہ اب ملک کو اسکیم انڈیا بننا چاہئے تاکہ عوام کے لئے فلاحی و ترقیاتی اسکیموں پر عمل آوری کی جاسکے ۔ صدر تلگو دیشم این چندرا بابو نائیڈو اور اداکار سے سیاستداں بن جانے والے پون کلیان مودی کی انتخابی مہم میں ساتھ ہیں۔ مودی نے کل رات تروپتی میں تلگو دیشم اور بی جے پی کی انتخابی مہم کا آغاز عمل میں لایا ۔ سیماآندھرارائے دہندوں تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہوئے چیف منسٹر گجرات نے کہا کہ ان کے پاس اسکام آندھرا اور سورن آندھرا کے درمیان کسی ایک کو منتخب کرنے کا موقع ہے ۔ اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ وہ اور چندرابابو نائیڈو ترقی کے نام پر کھڑے ہوئے ہیں ، نریندر مودی نے کہا کہ تلگو دیشم اور بی جے پی اتحاد سیماآندھرا میں ترقی کی ایک نئی لہر پیدا کرے گا۔ یہ بات نوٹ کرتے ہوئے کہ بی جے پی نے ملک بھر میں100اسمارٹ شہروں کے قیام کا وعدہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ میں سیماآندھرا کو اس کا حصہ ملے گا۔ مودی نے کہ اکہ اگر این ڈی اے کو قتدار حاصل ہوتا ہے تو دریاؤں کوجوڑنے کے پروگرام پر عمل آوری کی جائے گی، جس سے رائلیسما کی بنجر اراضیات بھی کاشت کے قابل ہوجائیں گی ۔ رائلسیما میں ٹماٹر کی بڑے پیمانہ پر کاشت ہوتی ہے ۔ ترکاریوں کی کاشت کو مزید بڑھاوا دیا جاسکتا ہے ۔ مودی، نیلور ، گنٹور، بھیما ورم اور شاکھا پٹنم میں بھی انتخابی جلسوں سے خطاب کرنے والے ہیں ۔ حلقہ مدن پلی، راجم پیٹ کی لوک سبھا نشست میں شامل ہے ، جہاں سے سابق مرکزی وزیر ڈی پورند یشوری بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخابی میدان میں ہیں۔ پورندیشوری کے والد این ٹی راما راؤ کی خدما ت کا حوالہ دیتے ہوئے نریندر مودی نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ اپنا ووٹ پورندیشوری کے حق میں استعمال کریں ۔ اس موقع پر چندرابابو نائیڈو نے بھی خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ریاست کہ تقسیم کانگریس پارٹی کی ایک سازش ہے ، جس میں ٹی آر ایس اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی بھی حصہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے سیما آندھرا کو ترقی دینے کے لئے بھرپور تعاون کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم اور بی جے پی کی حکومت سیما آندھرا کی ہر محاذ پر ترقی کو یقینی بنائے گی ۔ جلسہ میں پون کلیان کو زبردست رد عمل حاصل ہوا ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی وائی ایس جگن موہن ریڈی سے استفسار کیا کہ انہوں نے اس وقت خاموشی کیوں اختیار کی جب ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ نے سیما آندھرا کے بارے میں فحش زبان کا استعمال کیا تھا؟ یہ بیان کرتے ہوئے کہ علاقہ میں کانگریس پارٹی ختم ہوچکی ہے ، پون کلیان نے عوام سے کہا کہ وہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو بھی نکال باہر کریں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں