ہندوستان کا فرقہ پرست بننا جموں و کشمیر کے لئے المیہ - فاروق عبداللہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-01

ہندوستان کا فرقہ پرست بننا جموں و کشمیر کے لئے المیہ - فاروق عبداللہ

farooq-abdullah
مرکزی وزیر اور نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے آج کہا کہ اگر ہندوستان فرقہ پرست بن جاتا ہے تو یہ ریاست کے لئے بڑا المیہ ہوگا۔ انہوں نے یہاں اپنا ووٹ دینے کے بعد کہا ککہ اس سے پہلے کیا گیا ان کا تبصرہ جس پر تنازعہ پیدا ہوگیا تھا، ان کے دل کی گہرائیوں سے نکلی ہوئی آواز تھی ۔ انہوں نے نامہ نگاروں کوبتایا کہ میں نے جو کچھ کہا تھا وہ میرے دل کی آواز تھی ، میں نے ووٹ حاصل کرنے کے لئے کبھی کچھ نہیں کہا۔ میں نے سچائی عوام کے سامنے رکھ دی ہے ۔ انہیں اسے دیکھنا ہے ۔ اگر ہندوستان فرقہ پرست بن جاتا ہے تو یہ ریاست کے لئے ایک المیہ ہوگا ۔ ہم کو اسی سے ڈرنا ہے ۔ فاروق عبداللہ سے سوال کیا گیا تھا کہ اگر انتخابات کے بعد نریندر مودی وزیر اعظم بن جاتے ہیں تو کیا ہوگا؟ انہں نے اس کے جواب میں یہ بات کہی : لفظ فرقہ پرست کی تشریح کرنے کی خواہش پر انہوں نے کہا کہ میں کیوں اس کی تشریح کروں۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ مودی اور باپ بیٹے کی جوڑی فاروق اور عمر عبداللہ کے درمیان سخت لفظی جنگ جاری ہے جب کہ بی جے پی کے وزارت عظمیٰ امیدوار نے یہ الزام عائد کیا تھا کہ ہندوستان کو سب سے بڑا دھکہ اس وقت لگا جب کشمیریوں کو صرف اپنے مذہب کی وجہ سے مجبوراً کشمیر چھوڑنا پڑا۔ فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ مودی کے خلاف کھل کر میدان میں آگئے ہیں ۔ انہوں نے کہا ہے کہ مودی دستور کی دفعہ370کی تنسیخ کا ارادہ رکھتے ہیں جس کے تحت جموں و کشمیر کو خصوصی موقف حاصل ہے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ چیز ریاست کے عوام کے لئے کبھی بھی قابل قبول نہیں ہوگی۔ فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ اگر ہندوستان فرقہ پرست مل بن جاتا ہے تو کشمیر کے عوام خاموش نہیں رہیں گے ۔ اب جو لوگ مودی کو ووٹ دیتے ہیں انہیں سمندر میں ڈوب مرنا چاہئے ۔ بی جے پی نے اس پر سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ دوسری طرف فاروق عبداللہ نے یہ بھی کہا کہ مودی سے انہیں کوئی شخصی عناد نہیں ہے ۔ لیکن وہ جموں و کشمیر اور مسلمانوں سے متعلق ان کے ایجنڈہ پر تشویش کا شکار ہیں ۔ نیشنل کانفرنس کے صدر ، سرینگر لوک سبھا سیٹ سے دوبارہ انتخاب لڑ رہے ہیں وہ دیگر کئی امیدواروں بشمول پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے طارق حمید قرہ کے خلاف میدان میں ہیں۔

Tragedy for the state if India becomes communal: Farooq Abdullah

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں