لوک سبھا کی 89 نشستوں کے لئے اوسط تا بھاری رائے دہی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-01

لوک سبھا کی 89 نشستوں کے لئے اوسط تا بھاری رائے دہی

لوک سبھا انتخابات کی ساتویں مرحلہ میں آج7ریاستوں اور2مرکزی زیر انتظام علاقوں میں89حلقوں میں رائے دہی ہوئی۔ کئی بوتھس پر رائے دہندوں کی طویل قطاریں دیکھی گئیں ۔ اس طرح اب تک کے7مراحل میں438لوگ سبھا حلقوں کے لئے پولنگ ہوچکی ہے ۔ مابقیہ105حلقوں میں پولنگ آئندہ دو مرحلوں میں7مئی اور12مئی کو ہوگی جب کہ نتائج کا اعلان16مئی کو کیا جائے گا ۔ آندھرا پردیش میں رائے دہی کا بھاری تناسب زائد از70فیصد رہا ۔ دیگر علاقوں میں بھی ایسی ہی رائے دہی کی اطلاعات ملی ہیں ۔ سری نگر میں رائے دہی کا تناسب نسبتاً کم تھا۔ چلچلاتی دھوپ کے باوجود آج پولنگ مراکز پر رائے دہندوں کی طویل قطاریں دیکھی گئیں ۔ کسی بڑے ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی ۔ حساس علاقوں میں بھی پولنگ کا تناسب زیادہ رہا۔بی جے پی کے امیدوار وزارت عظمیٰ نریندر مودی نے گجرات کے حلقہ گاندھی نگر میں اپنا ووٹ ڈالا ۔ اس ریاست کی تمام 26لوک سبھا نشستوں پر آج ایک ہی مرحلہ میں رائے دہی مکمل ہوگئی ۔ تاہم انہیں وہاں ایک پریس کانفرنس منعقد کرنے اور ووٹ ڈالنے کے بعد پارٹی کا انتخابی نشان’’کمل‘‘ ہلاکر دکھانے پر الیکشن کمیشن کے غضب کا سامنا کرنا پڑا ۔ الیکشن کمیشن کے اس حکم پر کہ مودی کے خلاف ایف آئی آر درج کیاجائے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو جلد جواب بھیجا جائے گا۔ مودی کی اہلیہ جشودا بین نے بھی آج سہ پہر مہسانہ میں ووٹ ڈالا ۔ قبل ازیں یہ اطلاعات ملی تھیں کہ وہ چار ، دھام کے مقد س سفر پر ہیں ۔ مودی نے کہا ہے کہ آج کی تاریخ تک ہوئی ووٹنگ سے دو باتیں ثابت ہوئی ہیں کہ ’’ماں بیٹے کی حکومت جانے والی ہے اور ان کی(مودی) کی حکومت تشکیل پانے والی ہے۔‘‘انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ صرف انہوں نے ہی ہمت کے ساتھ ملک کے طول وعرض کا دورہ کیا ہے اور عوام کے موڈ اور ان کی ریالیوں میں عوام کے جوش و جذبہ کودیکھا ہے ۔ کئی ممتاز شخصیتوں کو بھی آج رائے دہندوں کی قطار میں دیکھا گیا ۔ دن چڑھنے کے ساتھ ساتھ آندھرا پردیش، مغربی بنگال اور یوپی میں رائے دہی کی رفتار میں تیزی آتی گئی ۔حساس سرحدی ریاست جموں و کشمیر کے حلقہ سری نگر میں ابتدائی رکاوٹوں کے بعد پولنگ میں تیزی پیدا ہوئی ۔ اضلاع گندربل اور بڈگام میں اوسط تا بھاری پولنگ کی اطلاعات ملی ہیں۔ تشدد کے معمولی واقعات اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں کچھ خرابیوں کو چھوڑ کر پولنگ پرامن رہی۔
تلنگانہ کے 17لوک سبھا حلقوں اور 119اسمبلی حلقوں میں آج بہ اعتبار مجموعی2.81کروڑ دائے دہندوں کی70فیصد تعداد نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرلیا تھا ۔ آندھرا پردیش میں رائے دہی کا دوسرا اور آخری مرحلہ7مئی کو مقرر ہے ۔ شہری علاقوں سے زیادہ جوش و خروش آج دیہی علاقوں میں دیکھا گیا ۔ آندھرا پردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر بھنور لال نے بتایا کہ میدک میں سب سے زیادہ65فیصد رائے دہی ہوئی اور سب سے کم یعنی51فیصد رائے دہی حیدرآباد میں ہوئی۔

Lok Sabha elections phase 7 - 89 constituencies moderate polling

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں