چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ٹی آر ایس وفد کی گورنر سے ملاقات تشکیل حکومت کا ادعا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-19

چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ٹی آر ایس وفد کی گورنر سے ملاقات تشکیل حکومت کا ادعا

کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ایک وفد نے گورنر آندھرا پردیش ای ایس ایل نرسمہن سے راج بھون میں ملاقات کی۔ وفد نے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں حکومت قائم کرنے کا دعویٰ کیا ۔ ٹی آر ایس نے لیجسلیچر پارٹی کی جانب سے چندر شیکھر راؤ کو قائد منتخب کرنے سے متعلق قرار داد کی ایک نقل گورنر کے حوالہ کی ۔63ارکان اسمبلی نے تلنگانہ بھون میں اجلاس منعقد کیا اور اجلاس میں متفقہ طور پر کے سی آر کو ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کا قائد منتخب کیا ۔ اب چندر شیکھر راؤ کی تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر بننے کی راہ ہموار ہوگئی ۔ آئندہ ماہ حکومت تشکیل پائے گی ۔ ذرائع کے بموجب تلنگانہ میں2جون کو پہلی حکومت تشکیل پائے گی ۔ یہ ملک کی29ویں ریاست ہوگی۔ ٹی آر ایس قائدین نے گورنر پر زور دیا کہ وہ تشکیل حکومت کے دن کی تقدیم کریں ۔ ذرائع کے بموجب تشکیل حکومت کے بعد پہلے کابینی اجلاس میں چندر شیکھر راؤ عرصہ دراز قبل علیحدہ ریاست کے احتجاج کے دوران تلنگانہ حامیوں کے خلاف درج تمام مقدمات کو برخواست کرنے قرار داد کو منظوری دیں گے ۔ یو این آئی کی ایک علیحدہ رپورٹ کے بموجب صدر ٹی آڑ ایس کے چندر شیکھر راؤ کے بموجب ٹی آر ایس حکومت کی تشکیل کے بعد پسماندہ طبقات کی ترقی کے لئے علیحدہ محکمہ قائم کیا جائے گا۔ آنے والے برسوں میں پسماندہ طبقات کو اوپر اٹھانے اور ان کی بہبود کے لئے تلنگانہ میں50,000کروڑ روپے صرف کئے جائیں گے ۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ مسلمانوں کو12فیصد تحفظات فراہم کرنے قانون سازی کی جائے گی ۔ قبل ازیں چندر شیکھر راؤ نے راج بھون میں گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی۔ اور ان کو ایک مکتوب حوالہ کیا اور اطلاع دی کہ انہیں ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کا قائد منتخب کرلیا گیا ہے۔ تلنگانہ میں چیف منسٹر بننے کی راہ ہموار ہوگئی ہے ۔ سینئر ٹی آر ایس قائد نائنی نرسمہا راؤ نے بتایا کہ پہلی کابینہ میں احتجاجیوں کے خلاف مقدمات سے دستبرداری کا فیصلہ کیا جائے گا۔

TRS leaders call on governor to convey chief K. Chandrasekhara Rao's election as leader of the legislature party

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں