انتخابی شکست کے پس منظر میں آج کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-19

انتخابی شکست کے پس منظر میں آج کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس

لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو صرف44نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی جب کہ ان بدترین اعداد و شمارپر کانگریس حیرت زدہ ہے ۔ اس خرابی کو دور کرنے کے لئے پوری طرح پارٹی کو بہتربنانے اور بالکل درست اقدامات روبہ عمل لانے کا مطالبہ کیاجارہا ہے جب کہ اس کے اعلیٰ ترین فیصلہ ساز تنظیم کانگریس ورکنگ کمیٹی کا کل اجلاس منعقد ہوگا ۔ میٹنگ کی صدارت پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کریں گی جو اے آئی سی سی ہیڈکوارٹرمیں منعقد ہوگی ۔ توقع ہے کہ تقریباً2گھنٹے اجلاس جاری رہے گا۔ آثارو قرائن سے اس بات کا اظہار ہوتا ہے کہ اجلاس میں متعددقائدین،پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی جنہوں نے2014لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی مہم کی قیادت کی تھی کی چند قریبی اہم شخصیتوں کی کارکردگی پر تکلیف دہ سوالات اٹھائیں گے اگرچیکہ خود راہول گاندھی کی طرز کارکردگی پر دبی دبی زبان میں شکایت کی جارہی ہے جب کہ اس ذمہ داری سے راہول کو علیحدہ کرنے کے لئے پارٹی میں قبل ازیں کاروائی کا آغاز ہوچکا ہے ۔کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے انتخابات میں پارٹی کے خراب مظاہرے کاخودکو ذمہ دار قرار دیا ہے ۔ پارٹی قائدین مطالبہ کررہے ہیں کہ موجودہ مرحلہ پر شکست کی وجوہات کاجائزہ لینے کے لئے کمیٹی کے قیام کا رواجی طریقہ کار اور بعد ازاں اسے فراموش کردینے کی کاروائی کا اعادہ نہیں کیاجان چاہئے اور ذمہ داری کا واضح تعین کرتے ہوئے انفرادی ذمہ داریاں جہاں بھی پائی جائیں وہاں کاروائی کی جائے ۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے خصوصی مدعو انیل شاستری نے ٹوئٹر پر بتایا کہ سخت گیر احتساب کی ضرورت ہے تاہم یقینی طور پر ماضی کی طرح نہیں جبکہ اس وقت احتساب سے حاصل ہونے والی تجاویز کو روبہ عمل نہیں لایا گیا ۔

Congress Working Committee meeting today after party's defeat in Lok Sabha polls

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں