پاکستان میں مسجد کے قریب خود کش حملہ - 4 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-12

پاکستان میں مسجد کے قریب خود کش حملہ - 4 ہلاک

پشاور
پی ٹی آئی
پاکستانی صوبے خیبر پختنو خوا کے دارالحکومت پشاور کے ایک فٹ بال اسٹیڈیم میں واقع ایک مسجد کے قریب کیے جانے والے ایک خود کش حملے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور سات زخمی ہوگئے ۔ بتایا گیا ہے کہ خود کش حملہ آور غالباً ان مہاجرین کو نشانہ بنانا چاہتا تھا ، جو شورش زدہ قبائلی علاقے سے فرار ہوکر پشاور پہنچے تھے اور اب واپس اپنے اپنے گھروں کو جانے کے لئے سفری دستاویزات پر کرنے کے لئے اس اسٹیڈیم میں گئے ہوئے تھے ، جہاں حکومت نے ان کے لئے ایک کیمپ قائم کررکھا تھا ۔ ایک اور پولیس افسر نجیب الرحمن نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ دھماکہ اسٹیڈیم کے اندر واقع ایک مسجد کے قریب ہوا: یہ ایک خود کش حملہ تھا، جس میں دس کلو گرام (بائیس پاؤنڈ) بارودی مواد استعمال کیا گیا ۔ خیبر پختنو خوا کا صوبائی دارالحکومت پشاور اس سے پہلے بھی متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں کا نشانہ بن چکا ہے ۔نجیب الرحمن کا کہنا تھا کہ حملہ آور ان مہاجرین کو نشانہ بنانا چاہتا تھا جو قبائلی ضلع خیبر میں فوج اور طالبان کے درمیان لڑائی کی وجہ سے اپنے گھر چھوڑکر فرار ہوگئے تھے اور اب واپس اپنے اپنے گھروں کو جانا چاہتے ہیں : لیکن حملہ آور ان تک پہنچ نہیں سکا کیونکہ سیکوریٹی فورسز نے اس پر فائرنگ شروع کردی اور تب اس نے خود کو دھماکہ سے اڑا دیا ۔ دھماکے کے وقت موقع پر موجود فائر ریگیڈ کے عملے ایک رکن شاہد آفریدی نے ، جسے اس دھماکے کے باعث ٹانگ پر چوٹیں بھی آئی ہیں، بتایا کہ تقریباً بیس سال کی عمر کا ایک حملہ آور اسٹیڈیم میں داخل ہوا اور اس نے اپنے پستول سے فائرنگ شروع کردی: جواب میں سیکوریٹی عملے نے بھی فائرنگ شروع کردی ، تب ایک زور دار دھماکہ ہوا اور میں زمین پر گر گیا ۔ حکومت کے زیر انتظام لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے سربراہ مظفر الدین صادق نے بتایا کہ دو زخمیوں کی حالت نازک ہے ۔ واضھ رہے کہ قبائلی ضلع خیبر کی وادی تیراہ سے ہزارہا افراد اس وقت اپنا گھر بار چھوڑکر نکل پڑے تھے ، جب2011میں پاکستانی فوج نے وہاں القاعدہ سے قریب وابستگی رکھنے والے گروپوں کے خلاف ایک آپریشن شروع کیا تھا ۔ جہاں ان میں سے کئی مہاجرین اپنے رشتہ داروں کے ہاں یا کرائے کے گھروں میں منتقل ہوگئے تھے ، وہاں زیادہ تر نے حکومت کی طرف سے قائم کردہ کیمپوں میں پناہ لی تھی۔ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومتِ پاکستان اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا عمل بھی جاری ہے ۔ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے حکومت پاکستان اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا عمل بھی جاری ہے۔ خیبر کی وادی تیراہ میں لڑائی میں بڑی حد تک کمی کے پیش نظر حکومت نے ان مہاجرین کی ان کے گھروں میں واپسی کا عمل شروع کیا ہے تاہم واپسی سے پہلے انہیں حکومت کے ہاں اپنی رجسٹریشن کروانا پڑتی ہے تاکہ انہیں واپسی کے لئے کلیئرنس مل سکے۔

5 killed 14 injured in pakistan suicide blast

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں