مودی ابھی سے خود کو وزیر اعظم سمجھ رہے ہیں - سونیا گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-02

مودی ابھی سے خود کو وزیر اعظم سمجھ رہے ہیں - سونیا گاندھی

صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج کہا ہے کہ اقتدار کے بھوکے نریندر مودی نے اپنے آپ کو لوگ سبھا انتخابات کے نتیجہ آنے سے پہلے ہی وزیر اعظم سمجھنا شروع کردیا ہے ۔ بی جے پی کے وزارت عظمیٰ امیدوار پر شدید تنقید کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے بلرام پور اور فیض آباد میں ریالیوں سے خطاب میں کہا کہ مودی اقتدار کی بھوک کے نشہ میں چُور ہیں اور سمجھ رہے ہیں کہ وہ وزیر اعظم بن گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مودی یہ بات بھول گئے ہیں کہ اس کا بات کا فیصلہ عوام کریں گے کہ کون حکومت بنائے گا ۔ کرپشن کے خلاف مودی کے دعوؤں کو کھوکھلا قرار دے کر مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گجرات میں کئی وزیر گردن تک اسکامس میں پھنسے ہوئے ہیں ۔ نیا گاندھی نے کہا کہ بی جے پی قائدین آج کل ایسے بیان دے رہے ہیں جیسے کہ وہ دودھ کے دھلے ہیں۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی نے تو دس برسوں تک گجرات میں لوک آیوکت کی تقرری نہیں ہونے دی اور ان کی کابینہ میں سنگین بد عنوانی کے ملزم وزیر ہیں ۔ کانگریس کے صدر نے یہاں پریڈ میدان میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر مودی آج کل ایسے سلوک کررہے ہیں جیسے وہ کسی تخت پر بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے اقتدار میں آجانے پر ملک کی بھائی چارے کی روایت اور ملی جلی ثقافت کو نقصان پہنچے گا جو ملک کے لئے مضر ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں پانچ سال کی عمر کا ہر دوسرا بچہ نقص تغذیہ کا شکار ہے ۔ گجرات میں کسئی ایسے گاؤں ہیں جہاں پینے کے پانی کی سہولت نہیں ہے۔

Sonia Gandhi mocks Modi, says behaving as if he is already PM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں