سونیا کانگریس پارلیمنٹری پارٹی کی دوبارہ صدر نشین - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-25

سونیا کانگریس پارلیمنٹری پارٹی کی دوبارہ صدر نشین

نئی دہلی
آئی اے این ایس
سونیا گاندھی کو کانگریس پارلیمنٹری پارٹی کا دوبارہ صدر نشین منتخب کرلیا گیا ہے ۔ حالیہ انتخابات کے بعد پہلی مرتبہ یہاں پارلیمنٹری بورڈکا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں تمام ہی قائدین نے متفقہ طور پر سونیا گاندھی کو پارلیمنٹری پارٹی کی صدر نشین کے طور پر منتخب کرلیا ہے ۔ مرکزی وزیر ریلوے ملیکا رجن کھر گے نے سونیا گاندھی کے نام کی پیش کش کی جس کو تمام ہی قائدین نے متفقہ طور پر تائید کی ہے۔ اس موقع پر پارٹی صدر نشین سونیا گاندھی نے کہا کہ ہم کو چاہئے کہ حالیہ لوک سبھا انتخابات میں شکست کا جائزہ لیں اور ان وجوہات کا پتہ چلائیں جس کی بنا پر پارٹی امیدواروں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ سونیا نے کہا کہ شکست کی وجہ سے مایوسی کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ ماضی میں بھی پارٹی کو شکست سے دو چار ہونا پڑا تھا لیکن عوام کے توقعات پر پورا اترتے ہوئے پارٹی نے دوبارہ اقتدار حاصل کرلیا۔ سونیا گاندھی نے نو منتخب ارکان پارلیمان سے ملاقات کرتے ہوئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ کانگریس پارلیمنٹری پارٹی نے یو پی اے کے دس سالہ دور اقتدار میں دانشمندانہ اور دور اندیش قیادت پر وزیر اعظم منموہن سنگھ کا شکریہ ادا کیا ۔ مختلف امور پر تبادلہ خیال کے دوران سابق مرکزی وزیر قانون ویرپا موئلہ نے راہول گاندھی کو اپوزیشن قائد کے طور پر منتخب کرنے کی تجویز پیش کی۔ اطلاعات کے بموجب سونیا گاندھی یا راہول گاندھی کولوک سبھا قائد منتخب کیا جاسکتا ہے جب کہ راجیہ سبھا کی قیادت کے لئے اے کے انٹونی اور غلام نبی آزاد کے ناموں پر غور کیاجارہا ہے ۔ پارٹی اجلاس میں وزیرا عظم منموہن سنگھ سینئر قائد جناردھن دیویدی ، محسنہ قدوائی و دیگر شریک تھے۔ اجلاس کے اختتام پر پارٹی کے قومی ترجمان ابھیشیک مانو سنگھوی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تمام ہی قائدین نے متفقہ طور پر سونیا گاندھی کو پارلیمنٹری پارٹی صدر نشین کے منتخب کیا ہے ۔

Congress Mps Elect Sonia Gandhi As Party Chairperson

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں