یو این آئی
نامزد وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لئے سارک ممالک کے سربراہان خاص کر پاکستا ن کے وزیر اعظم نواز شریف کو کیوں مدعو کیا اس کی ایک نئی وجہ سامنے آئی ہے ۔دراصل نریندر مودی کے ایک خاص صنعت کار دوست گوتم اڈانی ریاست گجرات کے کچھ علاقہ میں جو پاکستان کی سرحد سے ملحق ہے،10ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والا ایک پلانٹ لگا رہے ہیں جس کی زیادہ تر بجلی پاکستان کو فروخت کئے جانے کا امکان ہے ۔ تقریباً9ارب ڈالر کی اثاثہ والی اڈانی گروپ کی ایک کمپنی نجی سیکٹر میں بجلی پیدا کرنے والی ایک بڑی کمپنی ہے، جو 8520میگا واٹ بجلی پیدا کرتی ہے جو اس برس10ہزار میگا واٹ ہوجانے کا امکان ہے ۔ اس کے علاوہ اڈانی کمپنی گجرات، مہاراشٹر ، راجستھان اور مدھیہ پردیش میں چھ بڑے پروجیکٹ لگانے جارہی ہے ۔ باخبر ذرائع کے مطابق اڈانی کمپنی نے کچھ میں لگائے جانے والے اس پاور پروجیکٹ کے بارے میں یو اپی اے ۔ 2کی حکومت سے بھی بات چیت کی تھی لیکن کوئی خاطر خواہ کامیابی نہیں مل سکی ۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ شروعاتی طور پر کچھ میں لگنے والے اس پاور پروجیکٹ کے لئے تقریباً13ہزار کروڑ روپئے کی ضرورت ہوگی لیکن یہ پروجیکٹ تقریباً40ہزار کروڑ روپے کی قیمت سے تیار ہوگا۔یہ پروجیکٹ کچھ پاورجنریشن کمپنی لمٹیڈ(کے پی جی سی ایل) کے زیر اہتمام لگایا جائے گا اور اس کے لئے کچھ کے بھدریشور علاقہ میں زمین کو تحویل میں لے لیا گیا ہے ۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اڈانی گھرانے کو گجرات میں نریندر مودی حکومت سے کافی مراعتیں ملتی رہی ہیں اور اس سال مارچ میں ختم ہوئے مالی سال میں اڈانی پاور کمپنی کو2529کروڑ کا خالص منافع ہوا تھا۔ مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ پچھلے ہفتے ڈائریکٹریٹ ریونیو انٹلی جنس نے اڈانی گروپ کو ایک وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرتے ہوئے یہ دریافت کیا ہے کہ کیوں نہ اس پر5500کروڑ روپے کا جرمانی عائدکیا جائے ۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں