نریندر مودی کے ساتھ گفتگو میں نواز شریف نے مسئلہ کشمیر اٹھایا تھا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-29

نریندر مودی کے ساتھ گفتگو میں نواز شریف نے مسئلہ کشمیر اٹھایا تھا

اسلام آباد
پی ٹی آئی
وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے وزیر اعظم ہند نریندر مودی کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر اٹھایا تھا ۔ شریف کے مشیر برائے امور قومی سلامتی و امور خارجہ سرتاج عزیز نے آج یہ بات بتائی اور ان اطلاعات کا رد کردیا کہ بات چیت کے دوران مسئلہ کو نظر انداز کردیا گیا تھا ۔ عزیز نے کہا کہ نئی دہلی میں شریف اور مودی کے درمیا45منٹ کی بات چیت کے دوران تمام متنازعہ مسائل پر تبادلہ خیال ہوا۔’’کشمیر کا مسئلہ اٹھایا گیا ۔ یہ کہنا درست نہیں کہ کشمیر کو نظر انداز کردیا گیا۔‘‘ عزیز، نواز شریف کے ساتھ دہلی سے اسلام آباد واپسی کے بعد یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔(وزیر اعظم ہند نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں عزیز ، نواز شریف کے ساتھ شریک تھے) پریس کانفرنس کے دوران عزیز سے پوچھا گیا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو ، ملاقات کے دوران نظر انداز کردیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ’’کشمیر پر پاکستان کا موقف واضح ہے کیونکہ اس کے حل کے بغیر ویرپا امن کا مقصد حاصل نہیں ہوسکتا‘‘۔ عزیز نے بتایا کہ دونوں ممالک نے تمام مسائل کو بات چیت اور تعاون کے ذریعہ حل کرنے سے اتفاق کرلیا ہے تاکہ اس علاقہ مٰں امن قائم ہو ۔ عزیز نے جو وزارت خارجہ کے نگراں ہیں اور شریف سے بہت قریب سمجھے جاتے ہیں زور دے کر کہا کہ ایک دوسرے کی فکر مندیوں کو واضح طور پر تسلیم کیا گیا ہے اور نواز شریف۔ نریندرمودی ملاقات کا نتیجہ، پاکستانی وفد کی توقعات سے کہیں بہتر تھا ۔ شریف نے لاہور اعلامیہ کی روشنی میں مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ (معاہدہ پر1999میں دستخط ہوئے تھے اور تمام دیرینہ مسائل کو حل کرنے کے لئے کام کرنے کا عہد کیا گیا تھا)۔ اپنے دورہ کے دوران نواز شریف نے کشمیر کے علیحدگی پسند حریت نمائندوں سے بات چیت نہیں کی ۔ قبل ازیں بیشتر پاکستانی قائدین کے لئے ایسی ملاقات ایک معمول کی بات رہی ہے ۔ نہ ہی شریف نے ماقبل روانگی اپنے بیان میں کشمیر کا کوئی تذکرہ کیا ۔ عزیز نے بتایا کہ دونوں ممالک نے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے مل جل کر کام کرنے سے بھی اتفاق کرلیا ۔ ملاقات کے دوران نریندر مودی نے پاکستان سے ابھرنے والی دہشت گردی پر ہندوستان کی فکر مندیوں کا اظہار کیا ۔ سرتاج عزیز نے بتایا کہ ممبئی حملوں اور سمجھوتہ ایکسپریس جیسے واقعات پر بھی ملاقات کے موقع پر بات چیت کی گئی ۔ علاوہ ازیں قیام اعتماد کے اقدامات اور باہمی تجارت کو وسعت دینے پر بھی اظہار خیال کیا گیا ۔ دونوں وزرائے اعظم نے تمام متنازعہ مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ دونوں قائدین نے اس بات پر رضا مندی ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے معتمدین خارجہ امن مساعی کو آگے بڑھانے دوبارہ بات چیت شروع کرنے کے لئے جلد ملاقات کریں گے۔

Sharif Raised Kashmir Issue in Modi Meeting: Aziz

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں