لوک سبھا انتخابات میں ناقص مظاہرہ - کجریوال کا رد عمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-17

لوک سبھا انتخابات میں ناقص مظاہرہ - کجریوال کا رد عمل

نئی دہلی
پی ٹی آئی
عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے سربراہ اروند کجریوال نے انتخابات میں ان کی پارٹی کے ناقص مظاہرہ کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا کہ یہ اچھی شروعات ہے ۔ تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ پارٹی قومی دارالحکومت میں مزید بہترمظاہرہ کرسکتی تھی جہاں اس نے چھ ماہ قبل اسمبلی انتخابات میں دوسری بڑی پارٹی کا موقف حاصل کیا تھا۔ انہوں نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ ہمارے لئے یہ پہلے عام انتخابات تھے ۔ یہ ایک اچھی شروعات ہے ، مگر ہم دہلی کے نتائج کے بعد قدرے مایوس ہیں ۔ قومی دارالحکومت میں ہم مزید بہترمظاہرہ کرسکتے ہیں ۔ اس سوال پر کہ آیا اے اے پی کو مخصوص نشستوں پر زیادہ توجہ مرکوز کرنی چاہئے تھی تو انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ یہ عوامی انتخابات ہیں اور ہمارے پاس رقم نہیں ہے ۔ ہم صرف عوام کو ایک پلیٹ فارم مہیا کررہے ہیں ۔ ہمیں پنجاب میں نتائج پر حیرت ہوئی اور دہلی کے نتائج پر مایوسی ۔ آئندہ تین چار روزمیں ہم میٹنگ منعقد کر کے نتائج کا جائزہ لیں گے ۔ جمہوریت میں عوام کا فیصلہ سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے اور ہم اسے قبول کرتے ہیں۔ میں عوام کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے محبت کا اظہار کیااور ہمارا احترامکیا۔

Poor AAP performance in the Lok Sabha elections

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں