حیدرآباد میں 50 ہزار رائے دہندوں نے نوٹا کا استعمال کیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-19

حیدرآباد میں 50 ہزار رائے دہندوں نے نوٹا کا استعمال کیا

حیدرآباد
یو این آئی
گریٹر حیدرآباد تلنگانہ علاقہ میں30اپریل کو ہوئی رائے دہی کے دوران پہلی مرتبہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں نوٹا(NOTA) کا آپشن دیا گیا تھا جس کا استعمال زائد از50ہزار رائے دہندوں نے کیا۔ لوک سبھا امیدوار کے انتخاب کے لئے نوٹا کا بٹن تقریباً25ہزار مرتبہ دبایا گیا ، جب کہ اسمبلی انتخابات کے لئے بھی25ہزار مرتبہ یہ بٹن دبایا گیا ۔ لوک سبھا انتخابات میں گریٹر حیدرآباد سے رائے دہی میں چیوڑلہ سے سب سے زیادہ9,200رائے دہندوں نے نوٹا کے بٹن کا استعمال کیا ۔ ملکا جگیری سے لگ بھگ7,500رائے دہندوں نے اس کا استعمال کیا ۔ سکندرآباد میں 3ہزار رائے دہندوں نے اس بٹن کا استعمال کیا۔ جہاں تک اسمبلی حلقہ کا تعلق ہے سرلنگم پلی سے2,049رائے دہندوں نے اس کا استعمال کیا ۔ اس علاقہ میں ملک کے مختلف حصوں سے تارکین وطن اور آئی ٹی ملازمین رہتے ہیں ۔ سکندرآباد کنٹونمنٹ علاقہ میں18,043رائے دہندوں نے اس بٹن کا استعمال کیا ۔ الیکشن حکام نے یہ بات بتائی ۔ نوٹا آپشن اے وی ایم کا آخری بٹن ہوتا ہے ۔ جو رائے دہندوں کو فراہم کیاجاتا ہے۔ اگر رائے دہندوں کو کسی بھی امیدوار کو منتخب نہ کرنا ہو تو وہ یہ بٹن دبا سکتے ہیں ۔ خیریت آباد، ملکا جگری سے لگ بھگ1500رائے دہندوں نے اس کا استعمال کیا۔ کوکٹ پلی، مشیر آباد ، قطب اللہ پور، اپل ، صنعت نگر، جوبلی بلز اور گوشہ محل حلقوں سے لگ بھگ1100رائے دہندوں نے اور سکندرآباد سے لگ بھگ ایک ہزار رائے دہندوں نے نوٹا کا استعمال کیا ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ قدیم شہر کے اسمبلی حلقوں میں بھی رائے دہندوں نے نوٹا کا استعال کیا۔ چار مینار میں زائد از900اور چندررائن گٹہ اور کاروان میں500رائے دہندوں نے نوٹا کا استعمال کیا ۔ الیکشن حکام کا کہنا ہے کہ نوٹا کا استعمال کرنے والے رائے دہندں کی تعداد جملہ ووٹس کے مقابلہ میں قابل نظر اندا ز ہے۔

Election Results: Over 50000 vote for NOTA

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں