ایک لاکھ ہندوستانی عازمین حج کے لئے رہائشی یونٹوں کا انتظام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-22

ایک لاکھ ہندوستانی عازمین حج کے لئے رہائشی یونٹوں کا انتظام

نئی دہلی
سلیم صدیقی، ایس این بی
ہندوستانی عازمین حج کے لئے مکہ معظمہ میں ابھی تقریباً ایک لاکھ عازمین کے لئے رہائشی یونٹوں کاانتظام کرلیا گیا ہے اوراس بات کا امکان ہے کہ اسی ماہ کے آخر تک تمام عازمین کی رہائش کے لئے بندوبست کرلیا جائے گا۔ اس مقصد سے حج کمیٹی کے چار ممبران سعودی عرب گئے ہوئے ہیں اور آج دو اورممبر روانہ ہوئے ہیں ۔ یہ اطلاع آج روزنامہ راشٹریہ سہارا کے ساتھ خصوصی بات چیت میں حج کمیٹی آف انڈیا کے وائس چیئرمین مرغوب احمدنے دی۔ مرغوب احمد نے بتایا کہ عازمین کو تمام سہولتیں وقت پر مہیا کرانے کی غرض سے حج کمیٹی پوری طرح سے سرگرم ہے ۔ سعودی عرب میں ہندوستانی عازمین کے لئے رہائشی یونٹوں کے انتخاب کاکام جاری ہے جو تقریباً 80فیصد مکمل ہوچکا ہے اور اس ماہ کے آخر تک تمام عازمین کے لئے رہائشی یونٹوں کا انتظامکرلیا جائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ اگلے چند دن میں نئی سرکارکی تشکیل کے بعد حج کمیٹی حکومت سے مطالبہ کرے گی وہ سعودی حکومت سے بات کر کے ہندوستانی عازمین کے لئے کوٹہ میں اضافہ کی درخواست کرے ۔ دہلی میں حج کمیٹی کے دفتر حض منزل میں ’سٹی چیک ان‘ شروع کرنے کے تعلق سے مرغوؓ احمد نے کہا کہ اس سلسلے میں23مئی کو انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرمیں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ جس میں دہلی کے پولس کمشنر ، وزاری شہری ہوابازی اور وزارت خارجہ کے افسر، حج کمیٹی آف انڈیا کے چیئرمین اور وائس چیرمین اور دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین بغیر شرکت کریں گے ۔ اس میٹنگ میں اس ایشو کے ہر پہلو پر غور کیا جائے گا۔ اس سوال پر کہ حج منزل میں جگہ کافی کم ہے اور یہ گنجان آبادی والا علاقہ ہے ۔ اس لئے وہاں پریشانیاں پیش آسکتی ہیں؟ انہوں نے کہا کہ آخر کہیں سے تو شروعات کرنی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی سے چونکہ 8 ریاستوں کے عازمین روانہ ہوتے ہیں اس لئے اس کی کافی ضرورت ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی تو اس کام کو شروع کرنا ہے بعد میں کہیں اور بڑی جگہ لے کر بھی بندوبست کیاجاسکتا ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں