مجلسی امیدواروں کی کامیابی پر جلوس گلپوشی اور آتش بازی نہیں - صدر مجلس کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-16

مجلسی امیدواروں کی کامیابی پر جلوس گلپوشی اور آتش بازی نہیں - صدر مجلس کا اعلان

حیدرآباد
اعتماد نیوز
بیرسٹر اسد الدین اویسی صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے مطالبہ کیا کہ عرش محل کشن باغ میں نہتے معصوم افراد پر اندھا دھند فائرنگ کی ہدایت دینے والے عہدیدار جائنٹ کمشنر سائبر آباد گنگا دھر پر قتل کا مقدمہ درج کیا جائے۔ فائرنگ کے اس واقعہ میں ملوث دیگر عہدیداروں کو فی الفور معطل کردیا جائے ۔ فائرنگ میں جاں بحق3افراد کے ارکان خاندان کو مجلس اتحا د المسلمین کی جانب سے بھی رقمی امداد کی جائے گی ۔ انہوں نے مہلوکین کے ورثاء کے لئے ایکس گریشیا اور زخمیوں کو معاوضہ کے اعلان کی ستائش کی ۔ صدر مجلس بیرسٹر اسد الدین اویسی آج دارالسلام میں شہر کے10اسمبلی حلقوں کے کاؤنٹنگ ایجنٹس کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس اجلاس میں جناب سید احمد پاشاہ قادری معتمد عمومی مجلس کے علاوہ ان حلقوں کے مجلسی امیدوارکاؤنٹنگ ایجنٹس بھی موجود تھے ۔ صدر مجلس نے کہا کہ16مئی کو عام انتخابات کے نتائج جاری ہوں گے اس کے بعد مجلسی امیدواروں کی کامیابی پر کوئی جلوس ’گل پوشی‘آتش بازی یا بیانڈ باجہ نہیں بجایا جائے گا۔ مجلس اپنی کامیابی کا جشن انتہائی سادگی کے ساتھ منائے گی ۔ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے کہا کہ عرش محل میں جو سانحہ پیش آیا 3معصوم مسلمان مارے گئے اتنے بڑے سانحہ کے بعد پھول نہیں پہنے جاسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر مجلس خاموش بیٹھنے والی نہیں ہے، جمہوری اندازمیں اپنی جدو جہد کو جاری رکھی گی ۔ صدر مجلس نے اس اجلاس میں کاؤنٹنگ ایجنٹس کو مختلف ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے تمام ایجنٹس سے کہا کہ وہ نتائج کے مکمل اعلان کے بعد علاقہ واری اعتبار سے ووٹوں کے حصول کی تفصیلات مجلس کے جوائنٹ سکریٹری جناب ایس اے حسین انور کے پاس جمع کریں ، جس کا وہ تفصیلی جائزہ لیں گے ۔ بیرسٹر اویسی نے کہا کہ2009سے2014تک صدر مجلس کی حیثیت سے انہوں نے جس انداز میں خدمات انجام دیں،اس سے سبھی واقف ہیں لیکن2014سے2019ء کے درمیان ان کا انداز اور رویہ بالکل مختلف ہوگا ۔ بحیثیت صدر وہ جو بھی فیصلہ کریں گے ہر ایک پر اس فیصلہ کی پابندی لازمی ہوگی۔ صدر مجلس نے بلدی انتخابات اور مجالس مقامی کے انتخابات میں مجلس کی شاندار کامیابی پر تمام کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے بلدی انتخابات میں مختلف علاقوں میں بحیثیت مجلسی مبصرین خدمات انجام دینے والے سرگرم کارکنوں کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی سخت محنت کے نتیجہ میں مجلس کو شاندار کامیابی حاصل ہوئی۔

No victory procession on MIM success

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں