نریندر مودی تاریخ کا ایک بار پھر مطالعہ کریں - سونیا گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-06

نریندر مودی تاریخ کا ایک بار پھر مطالعہ کریں - سونیا گاندھی

مظفر پور(بہار)
پی ٹی آئی
صدر کانگریس سونیا گاندھی نے یہ الزام لگاتے ہوئے کہ بی جے پی کے امیدوار وزارت عظمیٰ نریندرمودی کچھ اس طرح"لکچر"دیتے پھررہے ہیں کہ وہ"دودھ کے دھلے ہیں"انہیں آج مشورہ دیاکہ وہ پھر ایک بار تاریخ کا مطالعہ کریں تاکہ انہیں معلوم ہو کہ آزادی کے بعد سے ایک غریب مملکت کو ایک ترقی پذیر ملک میں تبدیل کرنے کے لئے کانگریس پارٹی نے کیا خدمات انجام دی ہیں ۔ پٹنہ سے تقریبا27کلو میٹر دور مظفر پور میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ" نریندر مودی آج کل لیکچر دیتے پھررہے ہیں کہ ایک وہی دودھ کے دھلے ہیں"۔ سونیا گاندھی نے نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ قبل ازیں مودی نے الزام لگایا تھا کہ کانگریس نے ملک کے لئے کچھ نہیں کیا ۔ صدر کانگریس نے انہیں مشورہ دیا کہ"حقائق" کو جاننے کے لئے وہ(مودی) پھر ایک بار تاریخ کا مطالعہ کریں۔"آزادی کے بعد سے67برسوں میں کانگریس نے ملک کے اتحاد و سا لمیت کی برقراری کے لئے کئی قربانیاں دیں اور ملک کو ترقی کے راستہ پر گامزن کرنے کے لئے کئی اہم اقدامات کئے۔شہ نشین پر سونیا گاندھی کے ساتھ سینئر آر جے ڈی لیڈر رگھوونش پرساد سنگھ بھی دیکھے گئے ۔ آج کی ریالی کی اہمیت اس لئے بھی رہی کہ بہار میں کسی اور جگہ قبل ازیں منعقدہ ریالیوں میں صدر آر جے ڈی لالو پرساد یادو یادیگر سینئر پارٹی قائدین ، سونیا گاندھی یا راہول گاندھی کے ساتھ ریالیوں میں شہ نشین پر نہیں پائے گئے تھے۔ سونیا گاندھی نے مظفر پور سے کانگریس امیدوار اکھلیش پرساد سنگھ اور قریبی حلقہ ویشالی سے رگھوونش پرساد سنگھ کے لئے بھی ووٹ دینے کی اپیل کی ۔ قبل ازیں نریندر مودی نے کانگریس پر الزام لگایا تھا کہ اس نے ملک میں رشوت ستانی کو نہیں روکا ۔ سونیا گاندھی نے مودی پر جوابی تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ"ا گر ایسی ہی بات تھی تو کانگریس" حق اطلاعات(آر ٹی آئی)کیوں لائی ۔ اس حق کے سبب رشوت ستانی کے کئی کیسس سامنے آئے"۔ سونیا گاندھی نے گجرات میں رشوت ستانی کے خاتمہ میں مودی کے ٹریک ریکارڈ کے بارے میں سوال کیا اور کہا کہ" ان کی(مودی کی) کابینہ میں ایسے لوگ پائے جاتے ہیں جو رشوت ستانی کیسس میں ملوث ہیں ۔ گزشتہ 10برسوں سے لوک ایوکت کا عہدہ خالی ہے"۔ سونیا گاندھی نے اس صورتحال کو" گجرات میں ان کے(مودی) کے تحت حکومت میں رشوت ستانی کے اخفا کی کوشش قرار دیا ۔ صدر کانگریس نے الزام لگایا کہ بی جے پی کا انتخابی ایجنڈہ ملک کے لئے نہیں بلکہ ووٹوں کے لئے ہے۔" جنتا دل(یو) کے نتیش کمار کا در پردہ حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ"ایسا ہی کیس ، بی جے پی کی نئی دوست ایل جے پی اور ان لوگوں کا(بھی) ہے جو17برس سے ان کے( بی جے پی) کے ساتھ ہیں اور جو وقفہ وقفہ سے چہرے بدلتے رہتے ہیں"۔ شہ نشین پر بہار میں کانگریس امور کے انچارج ستیہ ورتا چتر ویدی اور صدر پ ردیش کانگریس اشوک چودھری بھی موجود تھے ۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ گزشتہ کئی برسوں سے کانگریس،بہارمیں ،برسر اقدار نہیں ہے ، وزیر اعظم منموہن سنگھ کی حکومت نے اس ریاست کی ترقی کے لئے فیاضانہ رقومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک ایک"دوراہے" پر کھڑا ہے۔

Narendra Modi to study history again - Sonia Gandhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں