نریندر مودی کی تقریب حلف برداری - شرکت کیلیے سارک قائدین کا گرمجوشانہ جواب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-23

نریندر مودی کی تقریب حلف برداری - شرکت کیلیے سارک قائدین کا گرمجوشانہ جواب

نامزد وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں تمام سارک قائدین کو مدعو کرنے کی ان کی پہل کا مذکورہ ممالک کے قائدین نے بڑا گرمجوشانہ جواب دیا ہے۔ افغانستان ، مالدیپ اور سری لنکا کے صدور نے اور بھوٹان اور نیپال کے وزرائے اعظم نے اپنی شرکت کی توثیق کردی ہے۔ بنگلہ دیش کی نمائندگی اس ملک کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کریں گے ۔سارک ممالک کے قائدین کے علاقہ وزیر اعظم مارشیس نوین چدر رام غلام بھی مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے ۔ وزارتخارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے بتایا کہ متعددٹوئٹس وصول ہوئے ہیں جن میں صدر افغانستان حامد کرزئی ، صدر سریلنکا مہنداراجہ پکشے، صدر مالدیپ عبداللہ یامین عبدالقیوم کی شرکت کی توثیق ہوئی ہے کہ یہ قائدین آئندہ26مئی کو مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے ۔ مالدیپ اور افغانستان کے قائدین کی جانب سے بھی ایسے ہی ٹوئٹس وصول ہوئے ہیں۔ اکبر الدین نے بتایا کہ ہندوستان کو بھوٹان کے وزیر اعظم ایل ٹی ٹاگبے اور وزیر اعظم نیپال سشیل کوئرالہ کی جانب سے شرکت کی توثیق کے پیامات ملے ہیں ۔ بنگلہ دیش نے اطلاع دی ہے کہ اسپیکر شیرین شرمین چودھری اس ملک کی نمائندگی کریں گی ۔ مارشیس کے لیڈر رام غلام نے بھی اپنی شرکت کی توثیق کردی ہے ۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ نریندر مودی نے اپنی انتخابی کامیابی سے اقوام عالم کو حیرت زدہ کردیا اور اپنی تقریب حلف برداری میں تمام سارک ممالک کے سربراہان حکومت اور سربراہان مملکت کومدعو کیا ہے ۔ یہ اقدام علاقائی سطح پر و نیز عالمی برادری کے لئے ایک بڑا سفارتی اشارہ ہے ۔ معتمد خارجہ ہند سجا تا سنگھ نے کل ہی مذکورہ قائدین کو مکتوبات روانہ کرتے ہوئے تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی تھی جو پیر26مئی کو مقرر ہے ۔ اس سلسلہ میں راشٹر پتی بھون کے وسیع و عریض سبزرہ زار پر زبردست انتظامات جاری ہیں ۔ اکبر الدین نے بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ ملک کے کسی بھی وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں تمام سارک ارکان کو مدعو نہیں کیا گیا ہے ۔ اس تقریب کا لائیو ٹیلی کاسٹ ہوگا ۔ زائد از تین ہزار مہمان شرکت کریں گے۔

Narendra Modi`s swearing-in: Most SAARC leaders coming

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں