مودی کی حلف برداری تقریب - سارک ممالک کے سربراہان کو دعوت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-22

مودی کی حلف برداری تقریب - سارک ممالک کے سربراہان کو دعوت

نئی دہلی
یو این آئی؍ پی ٹی آئی
پاکستان کے وزیرا عظم نواز شریف سمیت سارے ممال کے دیگر رہنماؤں کونامزد وزیر اعظم نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے، جو26مئی کو راشٹر پتی بھون میں منعقد ہوگی ۔ خارجہ سکریٹری سجاتا سنگھ نے سارک کے سبھی ممبر ممالک کے ہم منصبوں کو خط لکھ کر26مئی کو راشٹر پتی بھون میں منعقد مودی کی حلف برداری کی تقریب میں ان ممالک کے سربراہان کوشامل ہونے کا دعوت نامہ بھیجا ہے ۔ انہوں نے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف ، سری لنکا کے صدر مہنداراج پکشے ،بنگلہ دیش کی وزیرا عظم شیخ حسینہ افغانستان کے صدر حامد کرزئی ، بھوٹان کے وزیر اعظم شیرنگ توبگے، نیپال کے وزیر اعظم سشیل کمار کوئیرالہ اور مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم کے لئے ان ممالک کے خارجہ سکریٹریوں کو دعوت نامے بھیجے ہیں ۔ سارک ممالک کے لیڈروں کو دعوت دینے کی اس خواہش کا اظہار بی جے پی نے کل صدر جمہوریہ سے کیاتھا جب مسٹر نریندرمودی نے حکومت سازی کا دعوی پیش کرنے کے لئے راشٹر پتی بھون میں ان سے ملاقات کی تھی ۔ حالیہ پارلیمانی انتخاباتمیں اپنی پارٹی کو شاندار فتح دلانے والے مسٹر مودی نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ وہ مساوی طور پر تمام پڑوسی ملکوں کے ساتھ اچھے روابط بحال رکھنا پسند کریں گے اور نہ تو ہندوستان کسی پڑوسی ملک کو خوفزدہ کرے گا اور نہ ہی وہ یہ پسند کرے گا کہ کوئی اسے دھمکی دے کر خوفزدہ کرے ۔ واضح رہے کہ نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی نے عام انتخابات میں282سیٹوں پر کامیابی درج کی ہے ۔ اس طرح دیکھا جائے تو اس کو خارجہ پالیسیوں سے متعلق فیصلہ کرنے کے لئے مکمل اکثریت حاصل ہے ۔ اگر سارک ملکوں کے رہنماؤں کو دعوت دی جاتی ہے تو یہ پہلی بار ایسا ہوگا کہ ہندوستانی وزیرا عظم کی حلف برداری کی تقریب میں غیر ملکی شخصیات کی موجودگی دیکھنے کوملے گی ۔ تقریب حلف برداری کے لئے تقریباً تین ہزار لوگوں کو دعوت دئیے جانے کا امکان ہے جن کے لئے راشٹر پتی بھون کے صحن میں انتظامات کئے جائیں گے۔

Modi invites Saarc heads to swearing in ceremony

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں