چین کے علاقہ سنکیانگ میں دھماکے - 31 افراد ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-23

چین کے علاقہ سنکیانگ میں دھماکے - 31 افراد ہلاک

چین کے مغربی خطہ سنکیانگ کے ایک کھلے بازار میں متعدد بم دھماکوں کے نتیجہ میں31افراد ہلاک اور 90سے زائد زخمی ہوگئے ۔ یہ واقعہ آج صبح مقامی وقت کے مطابق ساڑھے سات بجے پیش آیا ۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کو دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی صدر ژی پنگ نے کہا کہ خاطیوں کو سزا دی جائے گی۔ اور امن کی برقراری کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی ۔ زخمیوں کی مددکے لئے ایمبولینس اور پولیس کی گاڑیاں فوری پہنچ گئیں ۔ زخمیوں کی مدد کے لئے ایمبولینس اور پولیس کی گاڑیاں فوج پہنچ گئیں۔ چین حالیہ عرصہ میں چاقوؤں اور بموں سے ہوئے سلسلہ وار حملوں کے لئے خطہ کے علیحدگی پسند جنگجوؤں کو مورد الزام ٹھہراتا ہے ۔ یہ یغور نسل کے مسلمانوں کا روایتی علاقہ ہے ۔ خبر ساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق سنکیانگ کے دارالحکومت ارومقی کے کھلے بازار میں دو گاڑیاں خریداروں کے بیچ میں گھس گئیں اور دھماکہ خیز مادہ باہر پھینکا گیا جب کہ ایک گاڑی دھماکے سے پھٹ گئی۔ ایک تاجر نے ژنہوا کو بتایا کہ اس نے ایک درجن دھماکے دیکھے۔ دھماکوں کے بعد علاقہ کا محاصرہ کرلیا گیا ، سنکیانگ سے آگ کے شعلے اور بھاری دھواں اٹھتا دیکھا گیا ۔ سنکیانگ برسوں سے تشدد کا شکار ہے مگر انسانی حقوق کے کارکن اور جلا وطن گروپس کے مطابق حکومت نے خطہ میں اتنی ظالمانہ پالیسیاں اپنائی ہیں جس سے وہاں شورش پیدا ہوگئی ہے ۔ سوشیل میڈیا پر آنے والی تصاویر سے بازار میں افراتفری دیکھی گئی۔ پھل، سبزیاں اور انڈے فروخت کرنے والے دھابوں کے قریب خون میں لت پت لوگ پڑے تھے۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ دو گاڑیاں بالکل بے قابو ہوکر دوڑ رہی تھیں ۔ دھماکوں کے بعد دوکاندار اور خریدار ادھر سے ادھر بھاگنے لگے ۔ یہ یقیناًدہشت گرد واقعہ تھا۔ واضح رہے کہ سنکیانگ میں گزشتہ ماہ ریلوے اسٹیشن پر چاقوؤں سے حملہ کا واقعہ بھی پیش آیا تھا جس میں تینافراد ہلاک اور 79زخمی ہوگئے تھے ۔ ژی جن پنگ نے اپنے بیان میں کہا کہ اس علاقہ میں پولیس کی طلایہ گری میں شدت پیدا کی جائے گی اور اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہ ہونے کے لئے پوری کوشش کی جائے گی ۔ انہوں نے مقامی حکام سے کہا کہ آج ہوئے واقعہ میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے نیز انہوں نے زخمیوں کی بہتر نگہداشت کی بھی ہدایت دی اور مہلوکین کے افراد خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ ژی جن پنگ کے مطابق چین کی حکومت دہشت گردی کے خلاف اپنی جدو جہد جاری رکھی گی اور مقامی سطح پر امن و استحکام کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے اپنی جانب سے تمام تر اقدامات کو یقینی بنائے گی۔

31 dead as blast rocks capital of China's Xinjiang region

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں