مودی حکومت کے لیے 100 دن کا ایجنڈہ مقرر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-30

مودی حکومت کے لیے 100 دن کا ایجنڈہ مقرر

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندرمودی نے آج’’زیادہ سے زیادہ بہتر حکمرانی ، کم سے کم حکومت‘‘ کے لئے ایجنڈہ مقرر کیا ہے ۔ اور اپنے تمام وزراء کو ہدایت دی کہ آئندہ100دنوں کے لئے ایک لائحہ عمل فوری تیار کریں جس میں بہتر حکمرانی پر توجہ مرکوز کی جائے ۔ مودی‘جنہوں نے آج صبح وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) کا دورہ کیا‘تمام شعبوں کی کارکردگی کے بارے میں اور عملہ کو دستیاب سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا ۔ مودی نے آج صبح کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی ۔ گزشتہ27مئی کے بعد سے یہ ان کا دوسرا اجلاس تھا ۔ انہوں نے بہتر حکمرانی سے متعلق اپنے نقطہ نظر کو واضح طور پر پیش کیا اور وزراء کو ہدایت دی کہ وہ ’’حکمرانی‘ فوائد کی ترسیل اور تجاویز پر عمل آوری‘‘ پر توجہ مرکوز کریں ۔ انہوں نے تمام وزراء سے کہا کہ وہ آئندہ100دنوں کے لئے ایک لائحہ عمل تیار کریں ونیز پروگراموں اور ان پر عمل سے متعلق اپنے خیالات بھی پیش کریں ۔ کابینہ کے اجلاس کے بعد اخبار نویسوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ وزیر اعظم نے وزراء کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریاستی حکومتوں سے وصول ہونے والی مواصلت کا جلد جواب دیں ۔ یہ مواصلت ،مراسلت، ان ریاستوں کے مسائل کے حل کے لئے ہوتی ہے ۔ مختلف ریاستوں کی ایسی تمام مراسلتوں سے عاجلانہ طور پر اور ذمہ داری کے ساتھ نمٹنا ہے تاکہ فوائد کی موثر طور پر ترسیل ہو ۔ وزیر اعظم نے اپنے عہدیداروں کو پہلے ہی ہدایت دی ہے کہ وہ بالخصوص ریاستوں کے اٹھائے گئے مسائل پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دیں اور حساسیت کا مظاہرہ کریں تاکہ وفاقی ڈھانچہ کو مستحکم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو سمجھنے کی اہمیت ہے کہ ہندوستان کی ترقی ، ریاستوں کی ترقی میں مضمر ہے ۔ وزیر اعظم نے کل اپنے عہدیداروں سے ملاقات کی تھی اور عوام کی شکایات کو عاجلانہ بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا ۔ انہوں نے عصری ٹکنالوجی سے استفداہ کرنے، نئے سسٹمس کوتیار کرنے اور موثر نگرانی کی کارروائی پر زور دیا تھا تاکہ ان مسائل کا حل نکل آئے جو زیر اعظم کے دفتر سے بطور خاص رجوع کئے جاتے ہیں ۔ وزیر اعظم نے عوام کے نمائندوں کی جانب سے شخصی طور پریا پارلیمانی طریقہ کار کے ذریعہ اٹھائے ہوئے مسائل پر توجہ دینے کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے بہتر حکمرانی کے لئے مل جل کام کرنے(ٹیم ورک) کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور اس تعلق سے عہدیداروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے خیالات ، آزادانہ طور پر ان کے (وزیر اعظم کے) سامنے پیش کریں ۔ آئی اے این ایس کے بموجب وزیر اعظم نے مرکزی وزراء سے خواہش کی کہ وہ بہتر حکمرانی اور تجاویز پر عمل آوری پر توجہ مرکوز کریں۔ نائیڈو نے بتایا کہ وزیر اعظم نے کابینہ کے اجلاس میں وزراء کے خیالات کی سماعت کے اور بعض مسائل پر تجاویز بھی پیش کیں۔ مودی نے کابینہ وزراء سے خواہش کی کہ وہ اپنے اپنے منسٹرس آف اسٹیٹ کو اعتماد میں لیں اور ان سے کافی کام لیں ۔ ’’وزیر اعظم نے کہا کہ اصل مسئلہ بہتر حکمرانی کا ہے جو وقت کی ضرورت ہے‘‘۔ ’’ریاستی تجاویز کو عرصہ دراز تک تصفیہ طلب نہیں رکھا جانا چاہئے ۔ ریاستوں کو ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت ہے ۔ ارکان پارلیمنٹ اور عوام کے اٹھائے ہوئے مسائل پر بھی تمام تر سنجیدگی سے غور کیاجانا چاہئے اور ان مسائل کو جلد حل کیا جاناچاہئے‘‘۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ نریندر مودی نے جنہوں نے زائد از12سال بحیثیت چیف منسٹر گجرات خدمات انجام دی ہیں، اس ریاست کے اٹھائے ہوئے بعض مسائل کے تعلق سے مرکزی حکومت کی بے توجہی کی ، اکثریت شکایت کی تھی ۔ وینکیا نائیڈو نے بتایا کہ نریندر مودی ’’جذبہ وفاقی نظام پر عمل‘‘ سے دلچسپی رکھتے ہیں ۔ آنے والے دنوں میں مودی وزراء اور مختلف محکمہ جات کے سکریٹریز سے ملاقات کریں گے ۔ 100دن کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے سے متعلق وزراء کو دی گئی مہلت کے بارے میں ایک سوال پر نائیڈو نے کہا کہ وزیر اعظم نے رہنمائی کی ہے اور ہر شخص’’ وزیر اعظم کے ذہن‘‘ سے واقف ہے۔

Modi asks his ministers to Set 100-Day Agenda

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں