باغیوں نے لیبیا میں مغویہ اردن کے سفیر کو رہا کر دیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-14

باغیوں نے لیبیا میں مغویہ اردن کے سفیر کو رہا کر دیا

لیبیاوزارت خارجہ کے ذرائع نے گزشتہ ماہ طرابلس سے اغوا ہرنے والے اردنی سفیر کی رہائی کی تصدیق کردی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ لیبیا میں اردنی سفیر فوازالعیطان کو اغوا کے بعد دارالحکومت طرابلس سے بن غازی کو منتقل کردیا گیا تھا ۔ انتہائی باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ اردنی سفیر کی رہائی اردن میں دہشت گردی کی پادا ش میں عمر قید کاٹنے والے دو لیبیائی شہریوں کی رہائی کے بعد عمل میں آئی ۔ ذرائع کے مطابق جو خصوصی طیارہ اردن سے رہائی پانے والے لیبیائی شہریوں میں محمد سعید الدرسی کو لے کر بن غازی پہنچا، اسی کے ذریعہ رہائی پانے والے اردنی سفیر فواز العیطان کو عمان روانہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اردنی سفیر کی رہائی میں ایک عربی رابطہ کار نے مدد کی اور یہی شخصیت اردنی حکومت اور لیبیاکے شہر بن غازی میں مسلح سیکوریٹی ملیشیا کے سربراہ وسام بن حمید سے معاملات طے کرنے میں پیش پیش رہی ۔ یاد رہے اردنی سفیر فواز العیطان کو اپریل کے وسط میں مسلح افراد نے ایک حملے کے بعد اغواکرلیا تھا۔ اس کارروائی میں ان کا ڈرائیور زخمی ہوگیا تھا۔2011ء میں معمر القذافی کی حکومت کے خاتمہ کے بعد سے لیبیا بد امنی کی لپیٹ میں ہے اور اردنی سفیر پر حملہ قذافی دور کے بعد اس ملک میں سفارتکاروں کو نشانہ بنانے کی دوسری کوشش تھی۔ تاہم یہ بات واضح نہیں ہوسکی کہ اردنی سفیر کو کن لوگوں نے اغوا کیا تھا تاہم لیبیائی ذرائع نے کہا تھا کہ فواز العیطان کے اغوا کا تعلق لیبیائی کے سرکردہ جہادی محمد الدرسی کی اردن میں عمر قید سے ہوسکتا ہے جو 7برسوں سے اردن میں قید ہیں ۔ فواز العیطان کے اغوا کے تین ہفتوں بعدلیبیائی حکومت نے اس امر کی تصدیق کردی تھی کہ اردن کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔

Kidnapped Jordanian ambassador freed by Libyan captors

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں