پاکستان امریکی اثر سے باہر آئے - ایرانی رہنما خامنہ ای - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-14

پاکستان امریکی اثر سے باہر آئے - ایرانی رہنما خامنہ ای

ایران کے رہبر اعلی آیت اللہ علی خامنہ ای نے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ امریکہ کے خطرناک تسلط سے آزاد ہوکر ایران کے ساتھ مضبوط رشتے قائم کرے ۔ پاکستان کے وزیرا عظم نواز شریف کے ساتھ ملاقات کے دوران خامنہ ای نے امریکہ اور کچھ دیگر ملکوں کی حکومتوں پر مسلم پڑوسی ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھانے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس دونوں ملکوں کے سرحدی علاقے میں کچھ دیگر ممالک کے ذریعہ گڑ بڑ پھیلانے کی اطلاع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سب ہی ملکوں کو پتہ ہے کہ امریکہ مسلم ممالک کے تئیں امتیازی سلوک رکھتا ہے ۔ وہ پاکستان اور ایران کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ جس میں کچھ دیگر ممالک بھی اس کی مدد کررہے ہیں ۔ خامنہ ای نے ایران کے مشرقی صوبہ سیستا۔ بلوچستان میں ابھی حال ہی میں ہوئے اغوا کے واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے لئے جیش العدل کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے ۔ لیکن اس طرح کے واقعات کی جڑیں شیعہ اکثریتی ملک ایران میں سنی اقلیتوں کی بے چینی ہے ۔ مئی2013میں ہوئے انتخابات میں کامیابی اور پھر وزیرا عظم بننے کے بعد ایران کے پہلے سرکاری دورے کے دوران نواز شریف نے دونوں ملکوں کے مابین تجارت بڑھانے کے لئے ضروری اقدامات کرنے پر زور دیا۔ متنازعہ نیو کلیائی پروگرام کی وجہ سے مغربی ممالک کی پابندیوں کے سبب حالیہ برسوں میں ایران کی دوطرفہ تجارت میں ایک ارب ڈالر کی گراوٹ آئی ہے۔ خامنہ ای نے پاکستان کے وزیرا عظم سے کہا کہ آپ کے دور اقتدار میں مجھے دونوں ملکوں کے مابین رشتے مضبوط ہونے کی امید ہے اور اس کے لئے آپ کو کسی دیگر ملک سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں پڑنی چاہئے۔ واضح رہے کہ اتوار کو نواز شریف کے ساتھ ہوئی میٹنگ میں ایران کے صدر حسن روحانی نے پاکستان سے ایران اور جنوبی ایشیاء کے درمیان7اعشاریہ5ارب ڈالر کی قدرتی گیس پائپ لائن کی تعمیر کے کام کو تیزی سے آگے بڑھانے پر زور دیا تھا۔

Iran prods Pakistan leader on U.S. ties

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں