کشمیری طلباء کو مخالف پاکستان نعرے لگانے پر مجبورکرنے کا واقعہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-06

کشمیری طلباء کو مخالف پاکستان نعرے لگانے پر مجبورکرنے کا واقعہ

Kashmiris-made-to-shout-anti-Pak-slogans
گریٹر نوئیڈا میں ایک خانگی یونیورسٹی کے تین کشمیری طلباء نے الزام عائد کیا کہ ساتھی طلباء نے ان کے ساتھ بد سلوکی کی اور انہیں مخالف پاکستان نعرے لگانے پر مجبور کیا ، جس پر چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش کے حکام کو طلباء کی حفاظت میں ناکام رہنے اور ا س کا ارادہ نہ رکھنے کا اعتراف کرنا چاہئے۔ میرٹھ یونیورسٹی کے60طلباء کو ایشیا کپ ٹورنا منٹ کے ہند۔ پاک کرکٹ میچ کے دوران پاکستانی کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی پر یونیورسٹی سے خارج کئے جانے کے دو ماہ بعد یہ واقعہ پیش آیا ہے۔ نوئیڈا انٹر نیشنل یونیورسٹی کے ایک کشمیری طالب علم نے کہا کہ5تا6طلباء تھے جو نشے میں چور تھے ۔ انہوں نے ہمیں گالی گلوچ کرنا شروع کردیا ۔ پھر ہم سے پوچھا کہ ہم میں سے کشمیری کون ہے ۔ جب میں نے انہیں بتایا کہ ہم تین کشمیری طلباء ہیں تو انہوں نے ہمیں گالی گلوچ کرنا اور مار پیٹ کرنا شروع کردیا۔ ایسا پہلے بھی ہوچکا ہے ۔ اس طالب علم نے الزام عائد کیا کہ ساتھی طلباء نے ہمیں ہندوستان زندہ باد کے نعرے لگانے اورپھر پاکستان مردہ باد کے نعرے لگانے پر مجبور کیا ۔ جب میں نے ان سے یہ پوچھا کہ میں ایسا کیوں کروں؟ تو انہوں نے ہمیں ایک بار پھر گالی گلوج کی اور مجھے دہشت گرد کہا ۔ چیف منسٹر عمر عبداللہ نے اس واقعہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ٹوئٹر پر کہا کہ اگر یونیورسٹیاں یا ریاستی حکام وہاں آنے والے کشمیری طلباء کی حفاظت نہیں کرسکتے تو انہیں اس بات کو قبول کرنا چاہئے کہ وہ اس کے قابل نہیں ہیں اور ایسا کرنا نہیں چاہتے ۔ عمر عبداللہ نے طنزیہ ریمارک کرتے ہوئے کہا کہ ان طلباء کو پیٹ پیٹ کر ان میں جذبہ حب الوطنی پیدا کرنے سے ا ن کا ڈر یا کشمیریوں کے الگ تھلگ ہونے کا احساس ختم نہیں ہوگا۔ عمرعبداللہ نے کہا کہ وہ دہلی میں متعین ریاستی حکومت کے رزیڈنٹ کمشنر کویونیورسٹی روانہ کریں گے تاکہ اگلا قدم اٹھانے سے پہلے حقائق کا پتہ چلایاجاسکے ۔ دوماہ قبل میرٹھ کے سوامی وویکانند بھارتی یونیورسٹی کے60طلباء کو ہاسٹل سے نکال دیا گیا تھا کیوں کہ انہوں نے ایشیا کپ ٹورنا منٹ کے ہند۔ پاک میچ کے دوران پاکستان کی تائید کی تھی اور اس کے کھلاڑیوں کے حق میں نعرے لگائے تھے ۔ اس واقعہ پر زبردست تنازعہ پیدا ہوگیاتھا۔

Kashmiri students in Noida beaten, forced to shout anti-Pakistan slogans

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں