آسام کے تشدد زدہ علاقوں میں حکومت کے اقدامات کی ستائش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-13

آسام کے تشدد زدہ علاقوں میں حکومت کے اقدامات کی ستائش

قومی اقلیتی کمیشن نے آج تی اے ڈی علاقوں میں تشددسے متاثرہ عوام کی مدد کے لئے حکومتِ آسام کی جانب سے کئے گئے راحت و باز آباد کاری اقدامات پر اظہار اطمینان کیا ۔ صدر نشین نسیم احمد کی زیر صدرت قومی اقلیتی کمیشن کی ایک ٹیم نے یہاں چیف منسٹر ترون گوگوئی سے ملاقات کی اور بوڈولینڈ ٹیریٹوریل ایریا ڈسٹرکٹس کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ نسیم احمد نے متاثرہ علاقوں میں معمول کے حالات کی بحالی کے لئے ریاستی حکومت کی کوششوں کی ستائش کی اور اس علاقہ میں معمول کے حالات کی بحالی میں مدد کے لئے اعتماد سازی اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کیا ۔ یتیم بچوں کو شلٹر کی فراہمی اور ان کی باز آبادکاری ، متاثرہ بچوں کی تعلیم ، متاثرین کو صدمہ سے نکالنے ان کی نفسیاتی کونسلنگ اور اسکولی طلبہ کو این سی سی ٹریننگ کے مسئلہ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمیشن اور ریاستی حکومت نے بھوٹان جیسے پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تال میل کی ضرورت سے اتفاق کیا تاکہ سورش زدگی سے متعلق مسائل سے نمٹا جاسکے اور اس معاملہ کو مرکز کے ساتھ اٹھایاجاسکے ۔ قومی اقلیتی کمیشن نے حساس علاقوں میں پولیس کے مزید پکٹس کی تعیناتی کی ضرورت کو اجاگر کیا جس سے ترون گوگوئی نے اتفاق کیا اور کہا کہ حکومت نے ان علاقوں میں مزید پولیس اسٹیشن ، پکٹس اور چوکیاں قائم کرنے کا پہلے ہی فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ موجودہ فورسس کے علاوہ مزید فورسس تعینات کی جانی چاہئے تاکہ مستقبل میں ایسے وقت کا اعادہ نہ ہو۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں