کشن گنج بہار سے کانگریسی رہنما مولانا اسرار الحق قاسمی کی کامیابی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-17

کشن گنج بہار سے کانگریسی رہنما مولانا اسرار الحق قاسمی کی کامیابی

کشن گنج
یو این آئی
کشن گنج پارلیمانی حلقہ سے لوک سبھا سیٹ کے کانگریسی امیدوار اور معروف عالم دین مولانااسرار الحق قاسمی نے اپنی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر میں کشن گنج کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ایسے وقت میں جب کہ ہر طرف فرقہ پرستی کا بازار گرم ہے ، ذات پات اور مذہب کو نظر انداز کرکے میرے اور سیکولرازم کے حق میں ووٹ دیا اوریہ ان کا ایک بہت سوجھ بوجھ اور دانشمندانہ عمل ہے ۔ مولانا قاسمی نے فتح کے بعدیہاں اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ کشن گنج کے لوگوں نے مسلک ، برادری اور ذات پات کی تفریق سے اوپر اٹھتے ہوئے ایک بار پھر فرقہ پرستی کو شکست دے کر سیکولرزم کا جھنڈا بلندکیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس موقع پر سب سے پہلے اللہ رب العزت کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اس کے بعد وہ ان تمام بزرگان دین، علماء اور ملت کے بہی خواہوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے میرے انتخاب جیتنے کے لئے دعائیں کیں ۔ اس سوال کے جواب میں کہ کیاوہ اپنی جیت پر جشن منائیں گے ،مولانانے کہا کہ وہ بحیثیت سرکاردوعالم کے غلام،مسلمان اور عالم دین سادگی میں یقین رکھتے ہیں اور جشن و شوبازی سے پرہیز کرتے ہیں ، اس لئے وہ سیدھے اپنے گاؤں جائیں گے اور جشن میں حصہ نہیں لیں گے تاکہ ان کا یہ عمل اسلامی تعلیمات کے مطابق ہو ۔ انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ پارلیمانی الیکشن کی کامیابی کے بعدبھی انہوں نے فتح کا جشن نہیں منایا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ قومی سطح پر نتائج کافی چونکا دینے والے آئے ہیں، مگر ان سے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ملک میں مجموعی اعتبار سے بی جے پی کی جیت کو اس کی مقبولیت نہیں سمجھا جائے بلکہ بی جے پی نے فرقہ پرستی کا زہر اور بے شمار دولت کو پانی کی طرح بہاکر شاطرانہ انداز میں الیکشن لڑا اور سیکولر ووٹوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جس میں اسے کامیابی ملی البتہ اس طرح کے نتائج سے ملک کی گنگا جمنی تہذیب اور امن و بھائی چارگی کی فضا کو نقصان پہنچا ہے ۔ انہوں نے مسلمانوں کے ووٹوں کے انتشار پر گہری تشویش ظاہرکرتے ہوئے اس موقع پر سکولر سمجھی جانے والی پارٹیوں کے لئے بھی سب ہے اور غور کرنے کا مقام ہے کہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ووٹوں کے انتشار کا بی جے پی کو فائدہ پہنچا۔

Congress MP from Kishanganj Maulana Israr-ul-Haq Qasmi elected

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں