بنگلہ دیش میں کشتی سانحہ - 29 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-17

بنگلہ دیش میں کشتی سانحہ - 29 ہلاک

ڈھاکہ
پی ٹی آئی
بنگلہ دیش کے وسطی علاقہ میں ایک مسافر کشتی الٹنے کے بعد200سے زائد افراد لاپتہ ہیں جب کہ29افراد کے ہلاک ہونے کی توثیق کردی گئی ہے اور مزید ہلاکتوں کا اندیشہ ہے ۔ کشتی الٹنے کا یہ حادثہ دارالحکومت ڈھاکہ سے قریب45کلو میٹر جنوب میں پیش آیا۔ حادثہ کا سبب طوفانی ہواؤں اور بارش کو قرار دیا جارہا ہے ۔ محکمہ کشتی رانی کے ایک عہدیدار نے ڈھاکہ کے نواح میں نیم شہری علاقہ منشی گنج میں حادثہ کے مقام کے قریب اخباری نمائندوں کو بتایا کہ 29نعشیں نکالی جاچکی ہیں اور مزید لاپتہ افرا کو تلاش کرنے کا کام جاری ہے تاہم انہوں نے یہ توثیق نہیں کی کہ ڈبل ڈیکرMVمعراج4میں کتنے مسافر سوار تھے ۔ اندازہ لگایا جارہا ہے کہ اس کشتی میں گنجائش سے زائد لوگ سوار تھے اور یہ تعداد200تا 350کے درمیان ہوسکتی ہے ۔ ان میں50افراد تیر کر ساحل پر پہونچ گئے یا پھر انہیں بچالیا گیا ہے۔ یہ حادثہ کل دریائے میگھنا میں تیز ہواؤں اور بارش کے باعث پیش آیا تھا۔ ضلع منشی گنج کے انتظامیہ نے بتایا کہ برآمدکردہ نعشوں میں سے18کی شناخت کی جاچکی ہے اور ان کے رشتہ داروں نے میتیں حاصل کرلیں۔ بنگلہ دیش میں آئے دن کشتیوں کے سانحے ہوتے رہتے ہیں ۔ ان حادثوں کا اصل سبب حفاظتی اقدامات کوملحوظ نہ رکھنا اور گنجائش سے زائد افرادکا سوار ہونا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ فائر سرویس کے کوسٹ گارڈ اور بحریہ کے50ارکان کی ایک ٹیم لاپتہ افراد کی تلاش میں سرگرم عمل ہے جب کہ حادثہ کے مقام پر سینکروں مجسم غم افراد کو اپنے رشتہ داروں کے انتظار میں دیکھا گیا ہے ۔

29 killed, scores more feared dead as Bangladesh ferry sinks

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں