چرنجیوی کو قطار توڑنے پر ایک رائے دہندہ نے ٹوک دیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-01

چرنجیوی کو قطار توڑنے پر ایک رائے دہندہ نے ٹوک دیا

Chiranjeevi-breaks-queue-voter-objects
مرکزی وزیر کے چرنجیوی کو جوبلی بلز کے ایک پولنگ اسٹیشن میں اس وقت رسوائی کا سامنا کرنا پڑا جب ایک رائے دہندہ نے انہیں قطار توڑ کر آگے بڑھنے پر ٹوک دیا اور واپس قطار میں بھیج دیا ۔ کانگریس قائد جوسیما آندھرا میں پارٹی کی انتخابی مہم کے سربراہ ہیں ، حلقۂ اسمبلی جوبلی بلز کے ووٹر ہیں ۔وہ اپنے ارکان خاندان کے ہمراہ ووٹ دینے پولنگ بوتھ پہنچے تھے ۔ سفید کپڑوں میں چرنجیوی پولنگ اسٹیشن آنے کے بعد سیدھے اندر جانے لگے تو ایک ووٹر نے جو اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کے لئے قطار میں منتظر تھا ، چرنجیوی کو روک دیا ۔ ووٹر نے کہا کہ کیا آپ نہیں سمجھتے کہ آپ کو قطار میں انتظا ر کرناچا ہئے؟ کیا آپ کا اقدام صحیح ہے؟ چرنجیوی ،فوری شرمندہ ہوگئے اور کچھ دلائل پیش کرنے کی کوشش کی،تاہم نوجوان ووٹر اپنے موقف پر اٹل رہا ۔ چرنجیوی نے جب دیکھا کہ آس پاس موجودہ افراد میں سے کوئی ان کے بچاؤ کے لئے آگے نہیں آرہا ہے تو وہ مسکراتے ہوئے اور خاموشی کے ساتھ قطار کے آخری سرے پر جاکر کھڑے ہوگئے ۔ انہوں نے یہ دکھانے کی کوشش کی کہ ووٹر کے ٹوکنے پر انہیں غصہ نہیں آیا ۔ اس کے برعکس انہوں نے یہ ظاہر کرنے کی کوششکی کہ ووٹر کے اقدام سے انہیں خوشی ہوئی ، تاہم چرنجیوی اور ان کے ارکان خاندان کے چہروں سے صاف ظاہر ہورہا تھا کہ وہ برہم نظر آرہے ہیں ۔ نوجوان ووٹر این آر آئی بتایاجاتا ہے، جو کیمبرج یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہے۔ چرنجیوی کو قطار میں واپس بھیجتے ہی وہ ایک منٹ میں ہیرو بن گیا۔ قطار میں ٹھہرے ہر فرد نے اس کی ستائش کی اور تالیاں بجائیں۔ اس کے جواب میں نوجوان نے انکساری سے کام لیتے ہوئے صرف مسکرانے پر اکتفا کیا ۔ چرنجیوی اور ارکان خاندان کو اپنا ووٹ ڈالنے کے لئے قطار میں انتظار کرنا پڑا۔ کئی فلمی ستارے اس پولنگ اسٹیشن پر پہنچے اور تمام نے بھی قطار توڑکر آگے بڑھنے کی کوئی کوشش نہیں کی ۔ جونیر این ٹی آر اپنی اہلیہ اور والدہ کے ساتھ پورے صبر کے ساتھ قطار میں کھڑے رہے اور اپنے حق ووٹ سے استفادہ کیا۔ اداکارناگرجنا اور اہلیہ املا صبح جلد پولنگ اسٹیشن پہنچے اور دیگر رائے دہندوں کے ساتھ قطار میں ٹھہر کر اپنی باری کا انتظار کیا اور ووٹ دیا ۔ جوڑے نے اس موقع پر دیگر ووٹرس کے ساتھ آزادانہ طورپر بات چیت کی اور بعض خاندانوں کے ساتھ تصاویر بھی اتاریں ۔ جن سینا کے بانی اور چرنجیوی کے چھوٹے بھائی پون کلیان نے بھی جوبلی بلز میں ووٹ دیا ۔ دیگر فلمی شخصیتیں جیسے نناموری بالا کرشنا، ڈی رامانائیڈو، ڈی سریش بابو اور سی نارائن ریڈی وغیرہ نے بھی اپنے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔

Chiranjeevi breaks queue and a voter objects

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں