پاکستان میں تمام بڑے شہروں کی سلامتی کی ذمہ داری فوج کے سپرد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-24

پاکستان میں تمام بڑے شہروں کی سلامتی کی ذمہ داری فوج کے سپرد

نقص امن کے محاذ پر طالبا ن کی جانب سے سخت آزمائشوں سے دوچار پاکستان میں اب فوج کو تمام بڑے شہروں میں سلامتی کے نظم کو نتیجہ خیز بنانے کی ایک حد تک ذمہ داری سونپی جارہی ہے ۔ انسداد دہشت گردی کے قومی ادارے (نیکٹا) نے اس سلسلے کی ایک تجویز آج مرکزی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی صدارت میں ایک اجلاس میں پیش کی ہے، جس پر عمل وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے قطعی منظوری کے بعد ہوگا۔ تجویز کی منظوری کے بعد ملک کے تمام بڑے شہروں میں اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا ۔ یہ خیال وزارت داخلہ کے ذرائع نے ظاہر کیا ہے، سلامتی کا یہ نیا منصوبہ ایک ایسے وقت میں منظوری کے مراحل سے گزر رہا ہے ۔ جب طالبانی انتہا پسندوں کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت نہیں ہوپارہی ہے ۔ دریں اثناء نواز شریف کے خصوصی معاون برائے سیاسی امور عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کی گاڑی گہری دلدل میں پھنس چکی ہے ۔ اگرچہ حکومت نے ابھی تک مذاکرات ختم کرنے کا باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے لیکن آثار اچھے نظر نہیں آرہے ہیں ۔ اس بیچ پاکستانی فوج نے قبائل علاقوں میں بعض مقامات پر طالبان کے خلاف کارروائیاں بھی شروع کردی ہیں ۔ اس صورتحال کے پیش نظر بنائے گئے وزارت داخلہ کے حفاظتی منصوبہ کے مطابق شہر کے داخلی راستوں، اہم مقامات اور چوراہوں پر فوجی اہلکاروں ، رینجرز اور پولیس پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں تعینات کی جائین گی جنہیوں مشکوک گاڑیوں کے علاوہ گھروں کی تلاشی کا اختیار بھی ہوگا ۔ یہ ٹیمیں ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف انسداد دہشت گردی کے مقدمات موقع پر ہی درج کرنے کی مجا ز ہوں گی ۔ زرائع کا کہنا ہے کہ فوج کو سلامتی کے اس منصوبے کا حصہ بنانے کے لئے ایک میٹنگ کل فوجی صدر دفاتر میں ہوئی تھی۔

Pak Army may be asked to secure major cities

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں