الیکشن 2014 - سیما آندھرا کے لیے 3 لاکھ افراد کا سفر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-08

الیکشن 2014 - سیما آندھرا کے لیے 3 لاکھ افراد کا سفر

3lakh-people-leave-for-Seemandhra-to-cast-vote
دونوں شہروں حیدرآباد ،سکندرآباد سے گزشتہ3روز میں تقریباً3لاکھ افرادسیماآندھرا کے مختلف مقامات کے لئے روانہ ہوگئے بالخصوص اضلاع پرکاشم، گنٹور ، کرشنااورمشرقی گوداوری سے تعلق رکھنے والے دونوں شہروں میں مقیم افراد بھاری تعدادمیں اپنے آبائی مقامات کے لئے روانہ ہوگئے ۔ پیر کے روز بس اسٹانڈس اور ریلوے اسٹیشنوں میں بھاری ہجوم دیکھا گیا جو منگل کی صبح تک جاری رہا ۔ریلوے کی جانب سے ہجوم کو کم کرنے اضافی کوچس کے ساتھ خصوصی ٹرینس چلانے کے باوجود منگل کی صبح وشاکھا پٹنم کی جانب سے جانے والی جنما بھومی ایکسپریس کی روانگی کے وقت سکندرآباد اسٹیشن میں اس قدربھیڑ تھی کہ67مسافرین ٹرین میں سوارہی نہیں ہوپائے ۔اسٹیشن میں احتجاج پر اتر آئے مسافروں کو اپنی ٹکٹس پر دوسری ٹرین سے بھیج دیا گیا۔ سیما آندھرا کی جانب سے جانے والی ریلوں میں مسافروں کی تعداد میں20فیصد اضافہ نوٹ کیا گیا جب کہ بسوں کے کرایہ میں30تا40فیصد اضافہ مشاہدہ میں آیا۔ ہجون کوکم کرنے آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈٹرانسپورٹ کارپوریشن (اے پی ایس آر ٹی سی) کی جانب سے پیر کو250اور منگل کو600سے زائد بسیں چلائے گئے ۔ دونوں شہروں سے پرکاشم، گنٹور،کرشنا اور مشرقی و مغربی گوداوری کے مسافروں کی سب سے زیادہ بھیڑ دیکھی گئی ۔ آر ٹی سی کے سینئر عہدیدار نے بتایا کہ پیرکے دن سے ہم اس روٹ پر سفر کرنیو الوں کابھاری ہجوم دیکھ رہے ہیں۔ منگل کے روز صبح 10بجے سے بہت زیادہ بھیڑ دیکھی گئی اوریہ حالت دن بھر جاری رہی۔ وجئے واڑہ کی جانب جانے والی بسوں میں جگہ نہ ہونے سے لوگوں کو بسوں کی چھتوں پر سوارہوتے دیکھا گیا ۔ ایم جی بی ایس میں کاروبار کرنے والے ہاکر یاد یا نے بتایا کہ بہت سارے مسافروں نے پیر کی شام اور منگل کی صبح اپنے سفرکا آغاز کیا۔ سیماآندھرا جانے والی دیگر ٹرینوں جیسے جنما بھومی ایکسپریس ،گنٹورانٹرسٹی، کونارک ایکسپریس اورایسٹ گودا وری ایکسپریس کے علاوہ خصوصی ٹرینیں جب اسٹیشنوں سے روانہ ہورہی تھیں پوری طرح بھری ہوئی تھیں ۔ گنٹور کوجارہے مسافررمناراؤ نے کہا کہ پلیٹ فارم پر اس قدر ہجوم تھا کہ کئی مسافر ریل میں سوار ہی نہیں ہوپائے ۔ اعلانات کئے جارے تھے کہ اگرایک ٹرین چھوٹ جائے تو مسافرکو دوسری ٹرین میں سوارکردیا جائے گا اور کئی مسافر دوسری ٹرین میں ہی سوار ہوپائے ۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسرسامبا سیواراؤ نے بتایا کہ ہمارے اندازے کے مطابق مسافروں کی تعدادمیں20تا25فیصد اضافہ دیکھا گیا تاہم صحیح اعداد و شمارکاپتہ چہار شنبہ کو ہی چلے گا۔گزشتہ3روز کے دوران زائد از ایک لاکھ مسافروں کا ہجوم دیکھا گیا ہے۔ بھاری ہجوم کے پیش نظرہم نے دیگر اسٹیشنوں کے اسٹاف کو بھی سکندرآبادریلوے اسٹیشن پر طلب کرلیا ہے۔اڈیشنل چیف الکٹورل آفیسر سریدیوا سینا کا کہنا ہے کہ سفر کرنے والے بھاری ہجوم سے اندازہ ہوتا ہے کہ شہر میں سیماآندھرا سے تعلق رکھنے والے افراد کی تعدادبہت زیادہ ہے ۔ بہر حال دو مرتبہ ووٹ کا استعمال کرنا ممکن نہیں ہے ۔ انگلی پر لگایاجانے والانشان آسانی سے نہیں مٹتا۔انہوں نے کہاکہ علاوہ ازیں ووٹنگ پر نظر رکھنے خصوصی ٹیموں کو متعین کیاگیا ہے اورایک سافٹ ویئر استعمال کیاجارہا ہے جو ووٹرس لسٹ سے مشابہ ناموں کو خارج کردیتا ہے ۔

Three lakh people leave for Seemandhra to cast vote in residuary state

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں