مولانا عبدالقوی کی رہائی کے لیے چنئی میں احتجاجی مظاہرہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-06

مولانا عبدالقوی کی رہائی کے لیے چنئی میں احتجاجی مظاہرہ

مولانا عبدا لقوی کی رہائی کے لیے چنئی میں احتجاجی مظاہرہ
تمل ناڈو مسلم سیاسی و سماجی فیڈریشن کی جانب سے انعقاد احتجاجی مظاہرے میں ہزاروں افراد شریک

ملک کے معروف عالم دین اور حیدر آباد میں بہترین دینی تعلیمی ادارے کے مہتمم مولانا عبدلقوی قاسمی کو دہلی پولیس اور گجرات احمد آبادسیل کے ذریعے کی گئی گرفتاری کے خلاف کل یہاں چنئی، چیپاکم گیسٹ ہاؤس کے قریب ریاست تمل ناڈو کی مسلم سیاسی و سماجی تنظیموں کی فیڈریشن کے زیر اہتمام ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر تمل ناڈو مسلم فیڈریشن میں موجود تمام سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماء شریک رہے اور مولانا موصوف کو گرفتار کئے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا شمس الھدی نے کہا کہ مرکزی حکومت مسلمانوں کے پیچھے پڑگئی ہے، معصوم اور بے گناہ مسلمانوں کو گرفتار کرکے انہیں دہشت گردی کا مہر لگا کر مرکزی حکومت انہیں سلاخوں کے پیچھے بھیج دیتی ہے، اس میں مرکزی سرکار کا صد فی صد ہاتھ ہے، مرکزی حکومت کے اشارے پر ہی بے قصور مسلم نوجوانوں اور مسلم رہنماؤں کو فرضی مقدمات میں گرفتا ر کیا جارہا ہے، انہوں نے مرکزی حکومت کو انتباہ کیا کہ حکومت اب ان غلطیوں کے انجام کو بھگتنے کے لیے بھی تیار رہے۔ اس احتجاجی مظاہرے میں شریک عوام سے خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی پی آئی کے ریاستی صدرمولانا تہلان باقوی نے کہا کہ امت مسلمہ کے لیے وقت کا تقاضا ہے کہ وہ اب ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوجائیں۔ ہمیں اپنے حقوق حاصل کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوگا اور حکومتوں کے ایسے جانبدارانہ کارروائیوں کے خلاف ایک جٹ ہوکر لڑنا ہوگا، ورنہ آج معروف عالم دین مولانا عبدلقوی کے ساتھ جو سلوک کیا گیا ہے وہی سلوک ہمارے ساتھ بھی کل کے دن کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے ہی ملک میں حکومت کی دوغلے کارروائیوں سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے، اور خاص طور پر مسلمانوں کو اس ملک میں دوسرے درجہ کے شہری کے طور پر دیکھا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں جب بھی کہیں بم دھماکے ہوتے ہیں ، سب سے پہلے اسے بلا تحقیق مسلمانوں کے سر تھونپ دیا جاتا ہے اور اس کے علاوہ انڈین مجاہدین جیسے فرضی دہشت گردی تنظیم کے نام پر مسلمانوں کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا جاتا ہے، انہوں نے ملک کے تمام خفیہ ایجنسیاں اور پولیس سے چیلنج کیا کہ وہ انڈین مجاہدین کا دفتر کا پتہ لگا کر دکھائیں اور سچائی کی بنیاد پر تحقیقات کرکے مسلمانوں کو دہشت گردثابت کریں۔ انڈین مجاہدین کے تعلق سے وہائٹ پیپر جاری کریں، لیکن ملک کی خفیہ ایجنسیاں انڈین مجاہدین کے تعلق سے کوئی بھی ثبوت فراہم کرنے میں ناکام ہوجائیں گی، کیونکہ انڈین مجاہدین نامی تنظیم کا وجود ہی نہیں ہے، یہ سب سنگھ پریوار اور آر ایس ایس کی پیداوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے الزامات کے تحت گجرات پولیس نے دہلی ایرپورٹ سے مولانا عبد القوی کو قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گرفتا ر کیا ہے، اور گجرات پولیس کے اور مرکزی حکومت کے زیر اہتمام چلنے والی دہلی پولیس فورس کی غیر قانونی گرفتاری کے کارروائی پر مرکزی حکومت صرف تماشائی بن کر دیکھتی رہ گئی ، جس کا تمل ناڈو مسلم سیاسی و سماجی تنظیموں کی فیڈریشن سختی سے مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے اپنی تقریر میں اس بات کی طرف نشاندہی کیا کہ وزیر اعظم عہدے کے خواب دیکھنے والے نریندر مودی ، وزیر اعظم کے عہدے پر آنے سے پہلے ہی اس طرح کی مسلم دشمنی سے ملک کے مسلمان تشویش میں مبتلا ہیں۔ اس موقع پر تنظیم کے صدر اے کے ایم حنیفہ نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلمانوں کو جھوٹے الزامات اور مقدمات میں پھنسا کر گرفتا ر کرنے کا سلسلہ بند کرے اور مولانا عبدلقوی کو مرکزی حکومت فوری طور پر رہا کرے، دیگر صورت میں مولانا کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف ملک گیر سطح پر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ اس احتجاجی مظاہرے میں تمل ناڈو جماعتہ العلماء، ٹی ایم ایم کے، جماعت اسلامی ہند، پاپولر فرنٹ آف انڈیا، انڈین توحید جماعت، ایس ڈی پی آئی ، ایم ایم کے، سمیت 22سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنما اور ہزاروں کی تعداد میں عوام شریک رہے اور دیگر خصوصی مقررین نے بھی اپنی تقریر میں گجرات حکومت اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مولانا عبدلقوی کو فوری طور پررہا کرنے کے اقدامات کرے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں