ریاست تلنگانہ کے لیے کانگریسی امیدواروں کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-06

ریاست تلنگانہ کے لیے کانگریسی امیدواروں کا اعلان

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
کانگریس پارٹی نے ریاست تلنگانہ کے 17 لوک سبھا حلقوں کے منجملہ 16حلقوں کیلئے اپنے امیدواروں کے ناموں کااعلان کردیا ہے۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے تین مرکزی وزراء بشمول ایس جئے پال ریڈی کو بھی فہرست میں شامل کیاگیا ہے۔ کانگریس نے ریاست تلنگانہ میں اسمبلی کیلئے 110امیدواروں کی ہرست بھی جاری کردی۔ تلنگانہ میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات 30اپریل کو منعقد ہوں گے۔ تلنگانہ میں جملہ 119 اسمبلی حلقہ جات ہیں۔ بیشتر موجودہ ارکان پارلیمنٹ کو ہی ان کے متعلقہ حلقوں سے دوبارہ نامزد کیا گیا ہے۔ جئے پال ریڈی کو چیوڑلہ سے محبوب نگر منتقل کردیا گیا جبکہ دیگر دو مرکزی وزراء سروے ستیہ نارائنا اور بلرام نائک اپنے متعلقہ حلقوں ملکا جگاری اور محبوب آباد سے امیدوار برقرار ہیں۔ کانگریس میں شمولیت کے ساتھ ہی پارٹی نے جی ویویک کو پداپلی( ایس سی) حلقہ سے نامزد کیا ہے۔ لوک سبھا کیلئے جن دیگر امیدواروں کو نامزدکیا گیا ہے ان میں پونم پربھاکر (کریم نگر)، مدھویاشکی گوڑ( نظام آباد)، سریش کمار شیٹکر(ظہیر آباد)، ڈی سرون کمار ریڈی(میدک)، انجمن کمار یادو(سکندرآباد)، ساما کرشنا ریڈی(حیدرآباد)، پی کارتک ریڈی(چیوڑلہ)، نندی ایلیہ(ناگر کرنول)، جی سکھیندر ریڈی( نلگنڈہ)، کے راجگوپال ریڈی(بھونگیر)، ایس راجیا( ورنگل)، جی وویک(پداپلی)، نریش جادو(عادل آباد) شامل ہیں۔ اسمبلی انتخابات کیلئے بیشتر سینئر قائدین کو دوبارہ نامزد کیا گیا ہے جن میں سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا( اندول)، صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پونالہ لکشمیا(جنگاؤں)، پی سی سی کارگذار صدر اتم کمار ریڈی(حضور آباد)، بٹی وکرما مارکر(مدیرا)، کریشانک (کنٹونمنٹ)، اے دیاکر(تنگا تورتی)، وجئے شانتی( میدک)، اپی اجئے( کھمم)، وی ہنمنت راؤ(عنبر پیٹ)، ڈی سرینواس (نظام آباد رورل)، آکولہ للیتا( نظام آباد اربن)، سریندر ایلا ریڈی( جگا ریڈی، سنگاریڈی)، عبیداﷲ کوتوال(محبوب نگر)، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی(نلگنڈہ)، محمد علی شبیر (کاماریڈی)، جی کانتم (چپا ڈنڈی) بھی شامل ہیں۔ پارٹی، ٹی آر ایس کے اثر کو کم سے کم کرنے کیلئے عثمانیہ یونیورسٹی اسٹوڈنٹ یونین اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے ایک ایک نمائندہ کو نامزد کررہی ہے۔ یہ دونوں کمیٹیاں علیحدہ تلنگانہ احتجاج میں پیش پیش رہی تھیں۔ علاقہ میں پسماندہ طبقات کو راغب کرنے کیلئے کانگریس پارٹی نے او بی سیز سے 29امیدواروں کو نامزد کیا ہے جو تلنگانہ کی جملہ اسمبلی نشستوں کا 26فیصد ہوتا ہے۔ کانگریس پارٹی نے ایس سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے 20امیدواروں کو نامزد کیا ہے جبکہ ایس ٹی کے 5امیدوار بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔ پارٹی نے 5اقلیتی امیدواروں کو بھی نامزد کیا ہے۔ 2ایس سی امیدوار اور عام زمرہ کی نشستوں کیلئے مقابلہ کررہے ہیں جبکہ دیگر 47امیدوارعام زمرہ میں ہیں۔ ریاست کی تقسیم کے فیصلہ کے باعث کانگریس کو سیما آندھرا میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ وہ علاقہ تلنگانہ میں اچھے مظاہرہ کی توقع رکھتی ہے۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی جانب سے کانگریس میں انضمام کی تجویز کو مسترد کرنے کے بعد کانگریس نے ٹی آرایس کے ساتھ انتخابی مفاہمت کیلئے بات چیت کی۔ تاہم وہ بھی ممکن نہیں ہوسکا۔ کانگریس اب سی پی آئی سے مفاہمت کررہی ہے اور توقع ہے کہ سی پی آئی کے ساتھ مفاہمت ہوگی کیونکہ کانگریس نے 9اسمبلی حلقوں میں ایک لوک سبھا حلقہ کیلئے امیدواروں کے ناکوں کا اعلان نہیں کیا ہے۔ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات کیلئے ٹی آرایس کی جانب سے امیدواروں کے اعلان کے دوسرے دن آج اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے۔

Congress List for Telangana Announced

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں