(آئی اے این ایس)
ترنمول کانگریس کارکنوں نے آج مبینہ طورپر مغربی بنگال کے ضلع مالدہ میں الیکشن کمیشن کے عہدیداروں پر اس وقت حملہ کردیا جب انہوں نے مالدہ ساوتھ کے پارٹی امیدوار معظم حسین کی ریالی پر اعتراض کیا۔ ضلع حکام نے آج یہ بات بتائی۔ یہ واقعہ ضلع کے مانک چک علاقہ میں اس وقت پیش آیا جب الیکشن کمیشن کی ٹیم نے موٹر سائیکل ریالی پر اعتراض کیا جس پر امتناع ہے۔ عہدیداروں نے جیسے ہی اعتراض کیا، ترنمول کانگریس کے کئی کارکن ان پر ٹوٹ پڑے۔ مالدہ کے ضلع مجسٹریٹ ایس کے دیویدی نے اس واقعہ کی توثیق کرتے ہوئے بتایاکہ اس ضمن میں بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر سے رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔ خاطی پائے جانے والوں کو سزا دی جائے گی۔ معظم حسین کی فلمبندی بھی کرلی گئی اس کے باوجود انہوں نے جائے واقعہ پر موجودگی کی تردید کی ہے۔ ترنمول کانگریس سربراہ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے کل ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے یہ عہد کیا تھا کہ وہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اپنی توہین کا بدلہ لیں گے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اپنی توہین کا بدلہ لیں گی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے ریاستی حکومت کو 8سرکاری عہدیداروں کے تبادلہ پر مجبور کردیاتھا۔ ممتا بنرجی نے ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے ایس پی ایز اور ضلع مجسٹریٹ کا تبادلہ کرتے ہوئے آپ نے ہماری جو توہین کی ہے تو اس کا بدلہ لیا جائے گا لیکن یہ کام گولیوں سے نہیں بلکہ بیلٹ کے ذریعہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ریاستی حکومت کو کل الیکشن کمیشن احکام کی تعمیل کرتے ہوئے 5ایس پیز اور ایک ضلع مجسٹریٹ کا تبادلہ کرنا پڑا تھا۔ کانگریس اور سی پی ایم دونوں نے آج پیش آئے واقعہ کے سلسلہ میں ممتا بنرجی کو نشانہ تنقید بنایا اور الیکشن کمیشن سے اپیل کی کہ وہ مناسب کارروائی کرے۔ سی پی آئی ایم لیڈر رابن دیب نے کہاکہ چیف منسٹر جس طرح برسر عام الیکشن کمیشن پر تنقیدیں کررہی ہیں اور انتقام لینے کا عہد کررہی ہیں، اس کی وجہہ سے پارٹی کارکنوں میں اشتعال پیدا ہورہا ہے اور یہ شرمناک واقعہ اسی کا نتیجہ ہے۔ کانگریس لیڈر پردیپ بھٹاچاریہ نے زور دے کر کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سخت کارروائی کی ضرورت ہے۔ قبل ازیں ضلع شمالی چوبیس پرگنہ کے ہابرا علاقہ کے بی ڈی او نے الزام عائد کیا تھا کہ ترنمول کانگریس کارکنوں نے ممتا بنرجی کے بینر اور پوسٹرہٹانے پر ان پر حملہ کیا اور ان کی توہین کی۔ ہاوڑا میں پارٹی پرچم نکالنے پر ترنمول کانگریس کارکنوں نے انتخابی عہدیداروں کی ایک ٹیم پر حملہ کردیاتھا۔
Trinamool workers beat up Election Commission officials
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں