(آئی اے این ایس)
نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج بی جے پی کے امیدوار وزارت عظمی نریندر مودی پر تنقید میں شدت پیدا کردی ہے اور کہا ہے کہ ترقی سے متعلق مودی کے دعوے جھوٹے اور مبالغہ آرائی پر مبنی ہے۔ اکبر پور، ضلع امبیڈکر نگر میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ "گجرات میں صنعت پارچہ بند ہوگئی اور کسان، بھوکوں مررہے ہیں"۔ "وہ( بی جے پی قائدین)، کونسی ترقی کی بات کررہے ہیں؟"۔ ہندی علاقوں میں کانگریس کی کامیابی کے امکانات کو روشن کرنے کی کوشش کرتے ہوئے راہول گاندھی نے وعدہ کیا کہ اگر کانگریس برسر اقتدار آجائے تو وہ اپنے حق غذا پروگرام کو یوپی تک وسعت دے گی"۔ یوپی اے نے سارے ملک میں بچوں کیلئے غذا کے حصول کو یقینی بنایا لیکن سماج وادی پارٹی نے اس خوف سے پروگرام پر عمل نہیں کیا کہ اس سے انتحابات میں کانگریس کو مدد مل سکتی ہے لیکن اگر ایک بار ہم اقتدار پر آجائیں تو ہم، یوپی کیلئے بھی اسکیم کے فوائد کو یقینی بنائیں گے"۔ قبل ازیں آج دن میں راہول گاندھی نے دوڈا(جموں) میں بھی ایک ریالی سے خطاب کیا اور مودی کی نجی زندگی کو ہدف تنقید بنایا اور کہاکہ مودی نے تو ماضی میں ایک بار بھی اپنی بیوی کا تذکرہ نہیں کیا۔ "نریندر مودی نے ماضی میں کئی انتخابات لڑے لیکن ایک مرتبہ بھی اپنی بیوی کے نام کا انکشاف نہیں کیا اور نہ ہی یہ تسلیم کیا کہ وہ شادی شدہ ہیں"۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ نریندر مودی نے حلقہ لوک سبھا وڈودرا(گجرات) سے اپنی نامزدگی داخل کرتے وقت اپنے حلف نامہ میں اپنی اہلیہ کا نام جشودا بین لکھا ہے۔ راہول گاندھی نے کہاکہ "دہلی میں(بی جے پی کے )پوسٹروں میں بی جے پی قائدین کہتے ہیں کہ وہ خواتین کے حقوق اور احترام کے علمبردار ہیں( لیکن) ہمارے ملک میں ایک ایسا چیف منسٹر بھی ہے جو اپنی تمام تر کوششیں ایک خاتون کی جاسوسی کیلئے کرتاہے"۔ راہول گاندھی کا اشارہ گجرات کی ایک نوجوان آرکٹیکٹ کے تعلق سے کی گئی مبینہ جاسوسی سے متعلق تھا جو مبینہ طورپر چیف منسٹر گجرات کے دفتر سے ہدایت پر کی گئی تھی۔ بعض ذرائع ابلاغ نے اس واقعہ کو "سنوپ گیٹ" قرار دیا ہے۔ گاندھی خاندان کے چشم و چراغ راہول گاندھی نے دوڈا میں ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ ان کے آباو اجداد جموں و کشمیر سے تعلق رکھتے تھے۔ "میں دراصل یہیں سے ہوں کیونکہ میرے آبا و اجداد جموں و کشمیر سے تعلق رکھتے تھے"۔ نائب صدر کانگریس اپنے سکڑ دادا پنڈت جواہر لال نہرو کا حوالہ دے رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ "ہم عوام کو متحد کرتے ہوئے انتخابات لڑتے ہیں جبکہ بی جے پی عوام کو تقسیم کرتے ہوئے انتخابات لڑتی ہے"۔ راہول گاندھی نے حلقہ ادھم پور کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کانگریسی امیدوار ومرکزی وزیر اور سابق ریاستی چیف منسٹر غلام نبی آزاد کے حق میں ووٹ دیں۔ اس ریالی کے موقع پر ریاستی چیف منسٹر عمر عبداﷲ، غلام نبی آزاد اور صدر پردیش کانگریس سیف الدین سوز، راہول گاندھی کے ساتھ تھے۔
In Gujarat the textile industry got closed and farmers are dying of hunger - Rahul
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں