قومی اردو کونسل کی مالی تعاون اسکیم برائے سال 2014-2015 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-01

قومی اردو کونسل کی مالی تعاون اسکیم برائے سال 2014-2015

ncpul
قومی اردو کونسل اور اردو زبان و ادب کے فروغ کیلئے نوڈل ایجنسی کے طورپر سرگرم عمل ہے۔ اس سلسلے میں کونسل مختلف اسکیموں کے تحت ادیبوں، رضاکار تنظیموں دیگر اداروں کو مالی اعانت فراہم کرتی ہے۔ تفصیل مندرجہ ذیل ہے۔

مسودات(اردو، عربی، فارسی) کی اشاعت کیلئے مالی تعاون کی اسکیم:
اس اسکیم کے تحت نادر مسودات، مخطوطات کی ترتیب و انتخاب، کتابیات، لغات، علمی، ادبی، تخلیقی، تنقیدی اور حوالہ جاتی کتابوں کی اشاعت کیلئے مالی تعاون فراہم کیا جاتا ہے۔ ایم فل، پی ایچ ڈی وغیرہ کے مقالات اور ترتیب و تدوین کے مسودات پر مالی امداد نہیں دی جائے گی۔ اشاعتی تعاون کیلئے ٹائپ شدہ مسودے ہی قابل قبول ہوں گے۔

کتب، رسائل، جرائد کی تھوک خریداری کی اسکیم:
اس اسکیم کے ضابطے وہی ہیں جو مسودات کے اشاعتی تعاون کیلئے مقرر ہیں لیکن وہ کتابیں جن پر کسی ادارے نے مالی تعاون دیا ہو یا جنہیں قومی یا ریاستی سطح پر ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا خریداری کی اہل نہیں ہوں گی۔ کتابیں گذشتہ اور رواں سال کے درمیان شائع ہونی چاہئیں۔ وہی رسائل وجرائد خریداری کیلئے اہل ہیں جو رجسٹرڈ ہوں۔ ایک سال سے زائد عرصے سے شائع ہورہے ہوں اور جن کی اشاعت کم ازکم 500 سو کاپیاں ہوں۔ ساتھ ہی کتاب کی DVD بھی ارسال کرنا ضروری ہے۔

سمینار، کانفرنس، ورکشاپ، مشاعرے کیلئے مالی تعاون کی اسکیم:
اس اسکیم کے تحت ادیبوں، رضا کار تنظیموں، یونیورسٹیوں کو لسانی، ادبی اور تہذیبی روایات کے موضوعات پر سمینار، کانفرنس، ورکشاپ، مشاعرے کے انعقاد کیلئے مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔

پروجیکٹ کیلئے مالی تعاون کی اسکیم:
اس اسکیم کے تحت پروجیکٹ کے حوالہ جاتی کتب، نادر مسودات کی تفصیلی فہرست، فرہنگ سازی، نایاب طبع زاد متون کی اشاعت ثانی، قدیم مسودات کی اشاعت مع ترجمہ، کلاسکس کی نقل حرفی وغیرہ پر غور کیا جاتاہے۔

---
رضا کار تنظیمیں، سوسائٹی، ٹرسٹ دیگر ادارے جو مرکزی یا ریاستی سطح پر گذشتہ تین برسوں سے رجسٹرڈ ہوں اور www.ngo.india.gov.in پر اندراج کراچکے ہوں، قومی اردو کونسل کی ویب سائٹ سے متعلقہ اسکیم کی تفصیل اور فارم ڈاؤن لوڈ کرکے مکمل فارم معہ کاغذات دفتر ہذا کو یکم اپریل تا30 اپریل کے درمیان مالی سال 2014-15 کیلئے درخواست بھیج سکتے ہیں۔ متعینہ مدت سے پہلے یا بعد کوئی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔ ڈاک کی تاخیر کیلئے ادارہ ذمہ دار نہیں ہوگا۔

-
ڈاکٹر خواجہ محمد اکرام الدین
ڈائرکٹر

NCPUL's Financial support scheme for 2014-2015

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں