ممتا بنرجی پر مودی کے الزامات - ترنمول کانگریس کی برہمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-29

ممتا بنرجی پر مودی کے الزامات - ترنمول کانگریس کی برہمی

نریندر مودی کو گجرات کا قصاب قرار دینے کے ایک دن بعد ترنمول کانگریس نے آج مطالبہ کیاکہ چیف منسٹر گجرات کو ممتا بنرجی کی تصاویر کے فروخت پر سوال اٹھانے کے سلسلہ میں برسر عام معذرت خواہی کرنی ہوگی یا پھر ہتک عزت مقدمہ کا سامنا کرنا ہوگا۔ ترنمول کانگریس کے جنرل سیکریٹری مکل رائے نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایاکہ انہیں اپنے الزامات ثابت کرنےہوں گے یا پھر برسر عام معذرت خواہی کرنی ہوگی ورنہ ہم ان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کریں گیں۔ مودی نےکل سری رام پور میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ " آپ (ممتا) کی پینٹنگس 4 لاکھ ، 8 لاکھ یا 15 لاکھ میں فروخت ہوتی تھیں لیکن کیا وجہ ہے کہ آپ کی ایک پینٹنگ 1 کروڑ 80 لاکھ میں فروخت ہوئی ؟؟ ۔ میں فن کا احترام کرتا ہوں لیکن آخر ایسا کون ہے جس نے آپ کی پینٹنگ 1 کروڑ 80 لاکھ میں خریدی ہے۔" مودی نے کہا تھا " بنگال کے عوام جاننا چاہتے ہیں کہ کن لوگوں نے آپ کی تصاویر خریدی ہیں اور انھوں نے کتنے میں یہ تصویر خریدی ہے ؟ آخر اچانک انھیں آپ کی صلاحیتوں کا ادراک کیسے ہوگیا۔ “ مکل رائے نے کہاکہ پارٹی نے الیکشن کمیشن کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے شکایت کی ہےکہ ایسے بے بنیاد الزامات مثالی ضابطہ اخلاق کے خلاف ورزی ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ایک ایسا شخص جس کےہاتھ گجرات فسادات کے خون میں رنگے ہوئے ہیں ، ہمارے قائد کی دیانت داری پر شک کررہا ہے اور شخصی حملے کر رہا ہے۔ ریاستی وزیر فینانس امیت متر ا نے کہاکہ پینٹنگس کی فروخت سے حاصل ہونے والی تمام رقم یا تو فلاحی کامقاصد کے لئے استعمال کی گئی یا پھر پارٹی کے ترجمان " جاگو بنگلہ " کو فنڈس فراہم کرنے استعمال کی گئی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ مودی نے بہت ہی نچلی سطح کا شخصی حملہ کیا ہے۔

Modi & Trinamool Congress targets each other

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں