آندھرا پردیش اسمبلی - مجلس کے 7 امیدواروں کے ناموں کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-01

آندھرا پردیش اسمبلی - مجلس کے 7 امیدواروں کے ناموں کا اعلان

MIM-7-MLAs
بیرسٹر اسد الدین اویسی رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اور صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے دارالسلام میں منعقدہ صدور و معتمدین کے پرہجوم اجلاس میں پارٹی کے 7اسمبلی امیدواروں کے ناموں کا نعرہ تکبیر کی گونج میں اعلان کیا۔ جناب اکبر الدین اویسی حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ، جناب سید احمد پاشاہ قادری کو چارمینار، جناب ممتاز احمد خان کو یاقوت پورہ، جناب محمد معظم خان کو بہادر پورہ، جناب احمد بن عبداﷲ بلعلہ کو ملک پیٹ، جناب سید جعفر حسین معراج سابق ڈپٹی مئیر و کارپوریٹر ٹولی چوکی ڈویژن کو نامپلی اور نمائندہ کارپوریٹر نانل نگر ڈویژن جناب کوثر محی الدین کو حلقہ اسمبلی کاروان سے ٹکٹ دینے کا صدر مجلس نے اعلان کیا۔ امیدواروں کی پہلی فہرست میں دو نئے چہرے شامل کئے گئے ہیں جعفر حسین معراج کو وراثت رسول خان کی جگہ اور جناب کوثر محی الدین کو جناب مقتدا افسر خان کی جگہ امیدوار بنایا گیا ہے جبکہ موجود 5ارکان اسمبلی کو پھر سے نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جناب اکبر الدین اویسی حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ سے چوتھی مرتبہ الیکشن میں حصہ لیں گے۔ اسی طرح جناب سید احمد پاشاہ قادری چارمینار سے تیسری مرتبہ، جناب محمد معظم خان حلقہ اسمبلی بہادر پورہ سے دوسری مرتبہ، جناب ممتاز احمد خان حلقہ اسمبلی بہادر پورہ سے دورسی مرتبہ، جناب ممتاز احمدخان حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ سے پانچویں مرتبہ اور جناب احمد بلعلہ حلقہ اسمبلی ملک پیٹ سے دوسری مرتبہ انتخاب لڑیں گے۔ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے مقتدا افسرخان اور وراثت رسول خان کی خدمات کی ستائش کی۔ انہوں نے کہاکہ دوسری صف کے قائدین کو موقع دیا گیا ہے۔ صدر مجلس نے کہاکہ ٹکٹ کے خواہشمند درجنوں افراد ہیں ہر کسی کو ٹکٹ نہیں دیا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ جن افراد کو ٹکٹ نہیں ملا ہے وہ مایوس نہ ہوں اور جدوجہد جاری رکھیں۔ 2019ء میں اسمبلی حلقوں کی نئی حد بندی ہونے والی ہے۔ حلقوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا جو افراد اپنی محنت ار جدوجہد جاری رکھیں گے وہ رائیگاں نہیں جائے گی۔ اس کے علاوہ شہر میں نومبر کے مہینہ میں بلدیہ کاالیکشن بھی ہونے والا ہے۔ اس لئے جن افراد کو موقع نہیں ملا ہے، وہ مایوس نہ ہوں۔ اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے کہاکہ عنقریب امیدواروں کی دوسری فہرست بھی جاری کی جائے گی۔ انہوں نے بتایاکہ مجلس کی کسی بھی جماعت سے کوئی مفاہمت نہیں ہے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا مجلس دلت اور پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی ٹکٹ دے گی؟ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے کہاکہ تھوڑا انتظار کیجئے کتنے حلقوں سے مجلس مقابلہ کرے گی اور کونسے امیدواروں کو ٹکٹ دیا جائے گا، یہ معلوم ہوجائے گا۔ صدر مجلس نے کہاکہ بلدیہ کے انتخابات کے دوران تلنگانہ، رائل سیما اور آندھرا کے کئی علاقوں میں مجسلی قائدین کو عوام کا حوصلہ افزا ردعمل حاصل ہوا ہے اور انہیں امید ہے کہ نتاج بھی اچھے رہیں گے۔ بیرسٹر اسد اویسی نے کہاکہ مجلس ایک زبردست سیاسی طاقت بن کر ابھرے گی۔

MIM declares 7 Assembly candidates

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں