بی جے پی کا منشور ملک کے لیے تباہ کن - سماجی ہم آہنگی کو خطرہ - چدمبرم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-09

بی جے پی کا منشور ملک کے لیے تباہ کن - سماجی ہم آہنگی کو خطرہ - چدمبرم

مدورائی۔
(پی ٹی آئی)
مرکزی وزیر فینانس پی چدمبرم نے بی جے پی کے انتخابی منشور کو ملک کیلئے تباہ کن قرار دیا اور کہاکہ اس کے نتیجہ میں ہندوستان کا وجود خطرہ میں پڑجائے گا۔ اس کی وجہہ یہ ہے کہ بی جے پی نے اپنے منشور میں مختلف کمزور طبقات کو جو تحفظات دئیے گئے ہیں‘ اس کا کوئی تذکرہ نہیں کیا‘ بلکہ تحفظات کا نظام کرتے ہوئے مساوی موقع فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے جو کہ خطرناک اشارہ ہے۔ بی جے پی نے رام مندر‘ یکساں سول کوڈ اور کشمیر کی دفعہ 370 منسوخ کرنے کا جو ایجنڈا بنایاہے‘ اس کے نتیجہ میں سماجی آہنگی ختم ہوجائے گی اور ملک کا شیرازہ بکھر جائے گا۔ بی جے پی نے اپنے منشور سے یہ ثابت کردیا ہے کہ جو ووٹر انہیں ووٹ نہیں دیں گے پارٹی ان کا خیال نہیں رکھے گی۔ بی جے پی کا ایجنڈا یہی ہے کہ ہندو اکثریت کے ووٹ حاصل کئے جائیں۔ انہیں اقلیتی ووٹوں کی کوئی پرواہ نہیں‘ بلکہ انہیں اقلیتوں کی ضرورت بھی نہیں ہے۔ جب ووٹ نہیں تو انہیں سیاسی زندگی سے علیحدہ رکھا جائے گا۔ یہ تو کھلی اکثریت پرستی کا ایجنڈا ہے۔ بی جے پی نے اپنے عزائم کو پوری طرح سے واضح کردیا ہے۔ تحفظات کا نظام تمام جماعتوں کے لئے قابل قبول ہے۔ گذشتہ 10سال سے بی جے پی نے جس ہندوتوا ایجنڈا کو پس پشت ڈال دیاتھا‘ اس کو پھر سے نمایاں کیا ہے۔ اس زہریلے ایجنڈے کو منشور میں شامل کرتے ہوئے بی جے پی نے اپنے ارادے صاف کردئیے ہیں کہ وہ انتخابات میں صرف اور صرف ہندو ووٹ حاصل کرنے کی خواہشمند ہے۔ اس کا صاف پیغام یہ ہے کہ پارٹی کو اقلیتی ووٹوں کی ضرورت نہیں ہے۔ اس طرح وہ ہندو ووٹ بینک مستحکم کرنا چاہتی ہے۔ جس کی وکالت ڈاکٹر سبرامنیم سوامی جیسے کٹر پرست لوگ کررہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں چدمبرم نے کہاکہ آر ایس ایس نے ہی انتخابی منشور تیار کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے اور کیوں نہ ہو بی جے پی خود بھی آر ایس ایس کی پیداوار ہے۔ وہ اپنی مرضی سے ایک قدم بھی نہیں اٹھاسکتی۔

BJP manifesto includes issues that divide country: Chidambaram

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں