عام آدمی پارٹی کا انتخابی منشور جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-04

عام آدمی پارٹی کا انتخابی منشور جاری

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی۔ یو این آئی)
عام آدمی پارٹی نے لوک سبھا انتخابات کیلئے انتخابی منشور جاری کردیا ہے۔ اس میں پارٹی میں کرپشن کے خاتمہ کیلئے جن لوک پال بل منظور کروانے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ عام آدمی پارٹی نے انتخابات لڑنے کیلئے کم سے کم عمر 25 سال کے بجائے 21سال مقرر کرنے انتخابی اصلاحات اور انصاف رسانی کے نظام میں بہتری لانے کا وعدہ کیا ہے۔ پارٹی نے عدالتی نظام کو شفاف بنانے کمرہ عدالت میں سی سی ٹیا وی کیمرہ نصب کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے پہلی مرتبہ حصہ لیا اور 543نشستوں کے منجملہ430 نشستوں پر مقابلہ کررہی ہے۔ پارٹی قائد اروند کجریوال نے 26صفحات پر مشتمل منشور جاری کرتے ہوئے معیشت، خارجہ پالیسی، داخلی سکیورٹی، دفاع، انتخابی اصلاحات اور جموں وکشمیر جیسے بنیادی مسائل پر اپنا موقف واضح کیا ہے۔ کشمیر کے تعلق سے کہا گیا ہے کہ یہ ریاست ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے، نیز یہ کہ سرحد پار دہشت گردی کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کرپشن ختم کرنا پارٹی کا بنیادی مقصد قراردیاگیا ہے۔ انتخابی منشور میں شہریوں کے چارٹر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس بات کا تیقن دیا گیا ہے کہ اختیارات کو غیر مرکوز کیاجائے گا اور عوام کو بااختیار بنایاجائے گا۔ وزیراعظم سے لے کر چپراستی تک ہر سرکاری عہدیدار کو جن لوک پال بل کے دائرہ میں شامل کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے اروند کجریوال نے کہاکہ بہترین حکمرانی فراہم کی جائے گی۔ اروند نے اس بات کی وضاحت کی کہ اس کی پارٹی ایف ڈی آئی کی مخالف نہیں ہے بلکہ وہ صنعت کاروں کی بھی مخالف نہیں ہے، حقیقت یہ ہے کہ سرمایہ کے بغیر ملک کی مجموعی ترقی نہیں ہوسکتی۔

AAP releases party manifesto

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں