انتخابی مفاہمت کے لیے تلگو دیشم - بی جے پی بات چیت ناکام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-30

انتخابی مفاہمت کے لیے تلگو دیشم - بی جے پی بات چیت ناکام

بھارتیہ جنتا پارٹی کے تلنگانہ یونٹ نے آج اعلان کیا کہ وہ تلنگانہ میں آئندہ ہونے والے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں تنہا مقابلہ کرے گی۔ پارٹی نے اشارہ دیا کہ تلنگانہ میں نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر این چندرا بابو نائیڈو کی زیر قیادت تلگودیشم پارٹی کے ساتھ بات چیت ناکام ہوگئی ہے۔ تلنگانہ میں تنہا مقابلہ کرنے پارٹی کے فیصلہ کا اعلان کرتے ہوئے تلنگانہ یونٹ کے صدر جی کشن ریڈی نے کہاکہ پارٹی کی مرکزی قیادت اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ کرے گی۔ تلنگانہ بی جے پی الیکشن کمیٹی کے آج رات منعقدہ اجلاس کے بعد انہوں نے بتایاکہ پارٹی نے تنہا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم اگر مرکزی قیادت خواہش کااظہار کرتی ہے تو پارٹی اس مسئلہ پر تلگودیشم کے ساتھ مزید مذاکرات کرے گی۔ جہاں تک ریاستی یونٹ کا تعلق ہے تو اس کی تلگودیشم کے ساتھ بات چیت ختم ہوگئی ہے۔ بی جے پی کے قومی ترجمان پرکاش جاوڈیکر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ کشن ریڈی نے بتایا کہ پارٹی تلنگانہ کے تمام 17لوک سبھا اور 119 اسمبلی حلقوں میں مقابلہ کرے گی اور اس کیلئے پہلے ہی امیدواروں کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ تلنگانہ بی جے پی ابتداء ہی سے تلگودیشم کے ساتھ مذاکرات کے خلاف تھی لیکن پارٹی کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندرمودی نے علاقائی جماعتوں کو دوبارہ این ڈی اے میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی۔ جس کے بعد تلگودیشم نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا اور بات چیت کیلئے آگے آئی تھی۔ نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر تلگودیشم اور بی جے پی کے درمیان حالیہ عرصہ میں کئی مراحل میں بات چیت ہوئی تھی۔ بی جے پی نے 70 اسمبلی اور 11لوک سبھا حلقے دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ علیحدہ تلنگانہ ریاست کی حمایت اور ملک میں نریندر مودی کی لہر کے پیش نظر بی جے پی کو تلنگانہ میں اپنے اچھے انتخابی امکانات کی توقع ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں