hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں 2014-mar-14 |
(اعتماد نیوز)
صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے عام انتخابات 2014ء کو ملک کیلئے ایک فیصلہ کن گھڑی قراردیا اور کہا ہے کہ یہ انتخابات نظریاتی بنیاد پر لڑے جائیں گے۔ پارٹی کے صدر دفتر دارالسلام میں منتخب اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بیرسٹر اویسی نے کہاکہ ہر عام انتخابات ایک دوسرے سے مختلف رہے ہیں۔ ہر انتخابات کے موضوع جداگانہ رہے ہیں۔ اسی طرح 2014ء کے انتخابات بھی اپنی ایک انفرادیت رکھتے ہیں۔ ہندوستان کے متنوع سماج میں ہندوتوا طاقتیں نظریاتی بنیاد پر اکثریت اساس کے ذریعہ اقتدار حاصل کرنے کوشاں ہیں۔ آر ایس ایس اور بھارتیہ جنتا پارٹی نظریاتی بنیاد کے علاوہ اکثریتی ووٹ کے ذریعہ اقتدار حاصل کرنے کوشاں ہیں۔ ان حالات میں ان انتخابات کی اہمیت بڑھ جاتی ہے اس لئے کہ مذہبی، لسانی، تہذیبی اور جغرافیائی طورپر اس وسیع و عریض ملک میں مختلف طبقات اگر جمہوری عمل سے الگ تھلگ کردئیے جائیں تو یہ بدبختی کی بات ہوگی۔ انہوں نے لوک سبھا میں مسلم اقلیت کی گھٹتی ہوئی تعداد پر تشویش کااظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ اقلیتوں، درج فہرست اقوام و قبائل اور پسماندہ طبقات کو جب تک جمہوری عمل کا حصہ نہیں بنایا جاتا اور ان کی شراکت کو یقینی نہیں بنایا جاتا تب تک جمہوریت کا ثمر حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے بتایاکہ اندھراپردیش اور گجرات میں اقلیتوں کی آبادی کا تناسب تقریباً ایک جیسا ہے لیکن ان دونوں ریاستوں میں مسلمانوں کی سماجی، معاشی، سیاسی و تعلیمی حیثیت میں کافی فرق پایا جاتا ہے۔ آندھراپردیش میں مسلمان سیاسی شراکت داری کے ساتھ ساتھ تعلیمی اور معاشی سطح پر اپنا ایک مقام پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ گجرات میں مسلمانوں کو دوسرے درجہ کا شہری بناکر رکھ دیا گیا ہے۔ انہوں نے گجرات کے ماڈل کو تباہ کن قراردیااورکہاکہ یہاں عام شہریوں کیلئے بھی وسائل نہیں ہیں بلکہ کارپوریٹ ادارہ جات کی بالواسطہ حکمرانی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر اویسی نے کہاکہ آندھراپردیش کے دونوں علاقوں تلنگانہ اور سیما آندھرا میں مجلس کی کسی بھی جماعت کے ساتھ کوئی انتخابی مفاہمت نہیں ہے۔ انہوں نے ان خبروں کی بھی تردید کی کہ ان کی ٹی آر ایس کے صدر کے چندر شیکھر راؤکے ساتھ انتخابی مفاہمت پر گفتگو ہوئی ہے۔ مجلس کے انتخابی نشان سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے صدرمجلس نے کہاکہ مجلس کا انتخابی اس کی اپنی کارکردگی ہے۔
پریس نوٹ
حیدرآباد کا سفر ماضی سے مستقبل تک، کے عنوان پر غلام احمد کالج آف ایجوکیشن سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کے طلباء اور طالبات نے شہر فرخندہ بنیاد کے ارتقائی سفر کو ایک بے مثال انداز میں پیش کیا۔ 12مارچ کو پیش کئے گئے اس منفرد دلچسپ اور تاریخی نوعیت کے حامل معلوماتی پروگرام میں بھاگیہ نگر سے سائبر آباد تک کے ارتقائی دور کو پیش کیا گیا ۔ کس طرح قطب شاہی دور میں حیدرآباد تعمیر کیاگیا، چارمینار کی تعمیرہوئی، اس دور کی یاد کو تازہ کرتے ہوئے طلباء اور طالبات نے بیت بازی کی محفل سجائی۔ آصف جاہی جاہی ہیرے جواہرات سے چمک اور ذائقہ دار پکوانوں کی خوشبو سے مہک اٹھا۔م عثمانیہ یونیورسٹی جیسے تعلیمی اداروں کے قیام، شہر کی توسیع اور خوبصورتی کے اقدامات کو متاثرکن انداز میں پیش کیاگیا۔ آزادی کے بعد کا عہدشہر میں آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی سے عبارت رہا۔ حیدرآباد ایک صنعتی، تجارتی اور ٹکنالوجی کے مرکز کے طورپر ابھرا۔ ماضی سے حال تک کا ایک تخیلاتی سفر طلباء نے پیش کیا۔ باشاہ سے شہنشاہ تک، نواب سے ہائی ٹیک کے لاجواب تک کا لمحہ بہ لمحہ ارتقائی سفر پیش کیاگیا۔ جناب خان لطیف محمد خان ایڈیٹر انچیف روزنامہ منصف و چیرمین سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی، محمد ولی اﷲ نائب صدر، ظفر جاوید سکریٹری، ڈاکٹر میر اکبر علی خان خازن، نسیم نتھانی کے علاوہ سوسائٹی کے ملحقہ اداروں کے پرنسپالس اور ارکان عملہ نے شرکت کی اور طلباء کی ان کاوشوں کوخراج تحسین پیش کیا۔
Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں