ممبئی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں مسلمانوں کو فلیٹ نہ دینے پر احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-02

ممبئی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں مسلمانوں کو فلیٹ نہ دینے پر احتجاج

ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں مسلمانوں کو فلیٹ فراہم نہ کئے جانے کے بعد سماج وادی پارٹی یوتھ سیل کے ممبئی صدر فرحان اعظمی کی رہنمائی میں آج باندرہ پولیس اسٹیشن کا محاصرہ کیاگیا۔ اس موقع پر نائب صدر ڈاکٹر درگیش یادو، مہیلا سبھا صدر رخسانہ صدیقی، کارپوریٹر اسحاق شیخ، ضلع صدر ارشد اعظمی، سلیم، پردیپ کنیا، شاہد شیخ، امیت پرکاش، حسن غفار، فیروز بھاؤ الدین، نجیب شیخ، چندر شیکھر مشرا سمیت سینکڑوں کارکنان موجود تھے۔ مذہب، ذات سمیت دیگر تفریق پیدا کئے جانے کی بنیاد پر فلیٹ خریدنے اور کرایہ پر نہ دئیے جانے سے متعلق مضافات کی تمام ہاؤسنگ سوسائٹی کو 149 سی آر پی سی دفعہ 153 اے اور 298 آئی پی سی کے دفعات کے تحت نوٹس جاری کرنے کا مطالبہ باندرہ پولیس اسٹیشن کے ڈی سی پی سے کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں باندرہ پولیس اسٹیشن میں ایک تحریری میمورنڈم بھی فراہم کیا گیا۔ سماج وادی پارٹی نے انتباہ دیا ہے کہ اگر پولیس نے اس معاملہ میں نوٹس جاری کرکے مداخلت نہیں کی اور فلیٹوں کے معاملے پر سوسائٹی کو رہنمایانہ اصول نہ بتائے تو اس کی ذمہ دار پولیس انتظامیہ ہی ہوگی۔ مسلمانوں کو سوسائٹیوں میں فلیٹ فراہم نہ کئے جانے کے معاملے پر سماج وادی پارٹی نے سخت کارروائی کا بھی مطالبہ کیا۔ ایک مکتوب میں بتایا گیا کہ ممبئی کی مدھوبن، ہل ٹاپ ہاوس، سلیربری پارک، اومیر، امبر ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں مسلمانوں کو فلیٹ کرایہ پر فراہم نہیں کیا جاتاہے اس کی تحقیقات کرکے کارروائی کی جائے گی۔ فرحان اعظمی نے پولیس کو ٹائمز آف انڈیا کی خبر کا تراشہ بھی پولیس کو پیش کیا، اس کے مطابق ممبئی اور مضافات میں تمام سوسائٹیوں میں مسلمانوں کو فلیٹ کی خریداری اور کرایہ پر حاصل کرنے میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے بلکہ ایسی سوسائٹیوں میں گھر تک مسلمان خرید نہیں سکتے جو غیر قانونی ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں