جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام دیوبند میں منعقدہ عظمت صحابہ و اصلاح معاشرہ کانفرنس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-12

جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام دیوبند میں منعقدہ عظمت صحابہ و اصلاح معاشرہ کانفرنس

دیوبند۔
(شاہنواز بدر قاسمی، ایس این بی)
جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام آج مدنی نگر دیوبند میں "عظمت صحابہ و اصلاح معاشرہ" کے موضوع پر ایک عظیم الشان کل ہند کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت صدرجمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا عبدالعلیم فاروقی نے انجام دئیے۔ ایک لاکھ سے زائد شرکاء پر مشتمل مجمع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ارشد مدنی نے حالات حاضرہ پر روشنی ڈالی اور بالخصوص مسلمانوں کے حالات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہاکہ آج ساری دنیا کے اندر مسلمانوں کے حالات جس قدر خراب ہیں وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ اسلام دشمن طاقتیں ہمارے سینوں پر سوار ہیں اور ہم بے بس ہیں جبکہ پہلے ایسی بات نہیں تھی۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان کے اندر مسلمانوں کی حالت کیا ہوگئی ہے یہ بھی کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ یہاں کے مسلمان سیاسی، سماجی، اقتصادی اور معاشرتی اعتبار سے کنارے کردئیے گئے ہیں۔ مولانا مدنی نے کہاکہ یہ سب اس لئے ہورہا ہے کہ مسلمانوں نے اپنے کو حضرت محمدؐ کے لائے ہوئے راستے سے دور کرلیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی آزادی کے بعد بڑے بڑے فرقہ وارانہ فسادات ہوئے، ایک ایک فسادات میں ہزاروں ہزار لوگ گاجر ومولی کی طرح کاٹے گئے اور جمعیۃ علماء ہند نے اپنی پوری طاقت ریلیف کے کاموں میں جھونک دی کیونکہ وہ وقت کی ضرورت تھی۔ مولانا مدنی نے کہاکہ حالت بد سے بدتر ہورہے ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ اس مسئلہ کا حل کیا ہے؟ انہوں نے کہاکہ اس مسئلہ کا حل یہی ہے کہ ہم اتحاد و اتفاق قائم کرنے کیلئے اﷲ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑیں اور معاشرہ کی اصلاح کیلئے حضرت محمدؐ کے بتائے ہوئے راستہ پر چلیں اور ان کے دامن کو پکڑے رہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہم نے اﷲ کے دین کی رسی کو مضبوطی سے نہیں پکڑا تو آنے والے دن مزید خراب ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ جمعیۃ العلماء نے امت کی فکر کی تھی۔ انہوں نے کہاکہ جب اس ملک کے لوگ یہ نہیں جانتے تھے کہ اصلاح معاشرہ کیا ہے۔ اس وقت فدائے ملت حضرت مولانا سید اسعد مدنی مرحوم نے جمعیۃ علماء ہند کی صدارت کے فرائض انجام دیتے ہوئے ہندوستان میں اصلاح معاشرہ کی بنیاد رکھی اور کہاکہ امت کا ہاتھ پکڑو تاکہ ان کی اصلاح ہوسکے۔ مولانا ارشد مدنی نے کہاکہ جمعیۃ العلماء ہند کا یہ پیغام ہے کہ والدین اور بڑوں کا احترام کرو اور ادین کو اپنی زندگی میں اتارو کیونکہ اسی سے عزت حاصل ہوگی۔ مولانا ارشد مدنی نے کہاکہ کیا یہ حیرت کی بات نہیں ہے کہ اتنی بڑی قوم ذلت کا شکار ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہم اپنے نبیؐ کے دامن کو نہیں پکڑیں گے تو اسی طرح ذلیل و رسوا ہوتے رہیں گے۔ مولانا ارشد مدنی نے کہاکہ بچوں کو جدید تعلیم سے آراستہ کیا جائے، انہیں ڈاکٹر اور انجینئر بنایا جائے لیکن انہیں دیندار بھی بنایاجائے اور ان کے اندر دین کو داخل کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں اور جوانوں کو مسجدوں میں ہاتھ پکڑ کر لے جائیں خواہ وہ ناراض ہوجائیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر تم اپنے بچوں کو نماز نہیں پڑھاؤگے تو یاد رکھو کہ تمہارے جنازے کی نمازپڑھنے والے نہیں ہوں گے۔ مولانا ارشد مدنی نے کہاکہ جمعیۃ علماء ہند خالص مذہبی جماعت ہے، جس کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں ہے لیکن میں اتنا ضرور کہوں گاکہ ملک و ملت کو بچانے کیلئے ہمیں فرقہ پرستی کو پیچھے دھکیلنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اصلاح معاشرہ کیلئے ہمیں گاؤں گاؤں اور قصبہ قصبہ ایک کمیٹی تشکیل دینی ہوگی جو لوگوں کو دین کی طرف متوجہ کرسکیں۔ اس موقع پر مولانا اشہد رشیدی صدر جمعیۃ العلماء اترپردیش، مفتی غیاث الدین صدر جمعیۃ علماء آندھراپردیش، مولانا اشتیاق نائب صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹرا، مولانا غفران کارگزار صدر جمعیۃ علماء اڑیسہ، مولانا خالد صدر جمعیۃ علماء ہریانہ، پنجاب اور ہماچل، قادری ادریس لندن، جمعیۃ علماء ہند کی مجلس عاملہ کے رکن مولانا سید اسجد مدنی، کنوینر مولانا حبیب اﷲ مدنی، مدینہ منورہ سے مولانا سید اخلد رشیدی، مولانا قمر الدین، قاری علاء الدین، مولانا مفتی اشفاق اعظم گڑھ، مولانا سید حسن مدنی اور اساتذہ دارالعلوم دیوبند مولانا حبیب الرحمن اعظمی، مولانا مفتی محمد یوسف، مولانا قمر الدین، مولانا محمد احمد ناظم تعلیمات کے علاوہ اساتذہ دارالعلوم دیوبند و علماء کرام کی کثیر تعداد میں اسٹیج پر جلوہ افروز تھے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں