(یو این آئی)
سابق ممبر پارلیمنٹ ، سفارتکار اور کانگریس لیڈر م افضل نے بی جے پی لیڈر وجے کمار ملہوترا کے اس مبینہ بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہ دہلی کا جامعہ نگر علاقہ دہشت گردوں کی آماجگاہ بن گیا ہے آج مطالبہ کیا کہ بی جے پی کے مودی نواز مسلم لیڈران بشمول ایم جے اکبر جواب پارٹی کے قومی ترجمان بھی ہوچکے ہیں، وجئے کمار ملہوترا کے اس بیان کی آیا تائید کریں یا پارٹی کی وضاحت پیش کریں کہ کیا بی جے پی کے نزدیک جامعہ نگر دہشت گردوں کا اڈہ ہے۔ متعلقہ بیان کو انتہائی لغو اور شر انگیز قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملہوترا کا یہ کہنا بھی گمراہ کن ہے کہ ان علاقوں میں پولیس بھی جاتے ہوئے ڈرتی ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ ہندوستانی مسلمان ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کی نہ صرف مذمت کرتے ہیں بلکہ اس کے شدید مخالف بھی ہیں اس لئے جو لوگ اس طرح کی تخریبی کارروائیوں میں ملوث پائے جائیں انہیں سخت سے سخت سزا ملنی چاہئے لیکن اسس کی آڑ میں کسی بے گناہ کو نشانہ بنانے کے ہم سخت مخالف ہیں۔ افضل نے کہاکہ ایسے بہت سے معاملے سامنے آچکے ہیں جن میں دہلی پولیس کے اسپیشل سیل نے گرفتاریاں کیں اور انہیں دہشت گرد قرار دے کر جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا لیکن بع میں عدالت نے انہیں نہ صرف باعزت رہا کیا بلکہ جس طرح بے بنیاد ثبوتوں اور شواہد کی بنیاد پر انہیں گرفتارکیاگیا اس کیلئے پولیس کی سخت سرزنش بھی کی۔ انہوں نے جامعہ نگر واقعہ کو اس کی تاز مثال بتاتے ہوئے کہاکہ جن دو طلباء کو مقامی لوگوں کو اعتماد میں لئے بغیر اٹھایا گیا وہ بے قصور ثابت ہوئے لیکن اس کا دوسرا پہلو یہ بھی ہے کہ اگر اس کے خلاف شدید عوامی احتجاج نہ ہوا ہوتا تو بہت ممکن تھا کہ ان بے قصور طلباء کو بھی دہشت گرد قرار دے دیا جاتا۔ افضل نے یہ الزام لگاتے ہوئے کہ ملہوترا نے عین پارلیمانی الیکشن کی گہما گہمی کے ماحول میں اس طرح کے بیان کی صورت میں اپنے اندر کا زہر اگل دیاہے، کہاکہ دہشت گرد کے نام پر سلسلے وار گرفتاریوں اور بیشتر اخبارات میں چھپنے والی اس بے بنیاد خبر سے کہ ان کا نشانہ مودی تھے، بظاہر یہی تاثر ملتا ہے کہ یہ سب کچھ منصوبہ بند طریقہ سے اور تیار شدہ اسکرپٹ کے مطابق ہورہا ہے۔
jamianagar issue- m-afzal asks bjp muslim leaders
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں