آئیے اب ہندوستان میں مسلمانوں اور خاص طور پرمسلم خواتین کی تعلیمی صورت حال پر نظر ڈالتے ہیں۔ 2001کی مردم شماری مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی خود بیان کرتی ہے اور مسلمانوں کے تعلق سے برتے جانے والے سوتیلے سلوک کا انکشاف کرتی ہے کہ تعلیمی لحاظ مسلمان سب سے پچھڑی ہوئی اور پسماندہ قوم ہے۔ ملک کی 45کروڑ غیر مسلم خواتین میں سے 46فیصد خواندہ ہیں جب کہ چھ سات کروڑ مسلم خواتین میں صرف 41فیصدخواندہ ہیں اور جس طرح تعلیمی سطح اعلی مدراج کی طرف بڑھتی ہے شرح خواندگی کم ہوتی چلی جاتی ہے۔ ابتدائی سطح پرمسلم خواتین کا تناسب غیر مسلم خواتین سے 11فیصد کم ہے اور مڈل کی سطح پر یہ فاصلہ مزید بڑھ جاتا ہے۔ 19اور 35کے درمیان پہنچ جاتا ہے۔ مسلمانوں کی تعلیمی بدحالی اس اعداد و شمار سے بھی نمایاں ہوتی ہے کہ ہندوستان مسلم علی تعلیم یافتہ کی تعداد صرف 3۔6فیصد ہے۔ ایک تجزیہ کار اور ماہرین تعلیم کے مطابق جنہوں نے مسلم خواتین کے تعلق سے ملک کے بہت اضلاع کاتعلیمی سروے کیا تھا مسلم خواتین کی ناخواندگی کا تناسب 75 فیصد تک پہنچ گیاہے جب کہ شمالی ہندوستان میں اس کی صورت حال اور بھی بھیانک ہوسکتی ہے۔ ہندوستان میں مسلم لڑکیوں کا اسکول میں رجسٹریشن کی فیصد 40۔6فیصد تھی جب کہ مسلم غریب لڑکیوں کی فیصد صرف 16فیصد تھی۔ ان میں 98فیصد مسلم لڑکیاں سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرتی ہے۔ دو فیصد لڑکیاں مدرسوں میں تعلیم حاصل کرتی ہیں کیوں کہ وہ اسکول کا خرچ برداشت کرنے کے قابل نہیں ہوتیں۔ سچر کمیٹی نے بھی مسلمانوں کی تعلیمی اور معاشی ابتری کو نمایاں کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس کمیٹی نے جب 1965سے 2001کے درمیان گاؤں اور شہروں میں لڑکیوں اور لڑکوں کے اسکولوں میں داخلے کا جائزہ لیا تو یہ بات ابھر کر سامنے آئی کہ مسلمان درج فہرست ذاتوں اور قبائل سے بھی بہت پیچھے ہیں۔ مثال کے طور پر شہروں میں 1965میں درج فہرست ذات و قبائل لڑکیوں کا تناسب صرف 40فیصد جو 2001میں بڑھ کر 83فیصد ہوگیا۔ اسی طرح میں 1965میں لڑکیوں کا تناسب 53فیصد تھا جو 2001میں بڑھ کر 80فیصد ہوگیا یعنی پسماندہ طبقات سے 3فیصدی کم۔
مسلم خواتین کی شرح خواندگی کی کمیت کا اندازہ ان ریاستوں کی شرح خواندگی سے لگایا جاسکتا ہے۔ چند ریاستوں میں مسلم خواتین کی شرح خواندگی پر نظر ڈالتے ہیں۔ ہریانہ میں مسلم خواتین 21۔5 فیصد، بہار میں 13۔5فیصد، اترپردیس میں37 فیصد ، جموں و کشمیر میں 34۔9فیصد، ناگالینڈ میں 3۔33فیصد، پنجاب میں 43۔4فیصد، کیرالہ میں سب سے زیادہ مسلم خواتین خواندہ ہیں وہاں کی اس کی شرح خواندگی 85۔5فیصد ہے جب کہ ہندو خواتین کی 86۔7فیصد ہے، ایک فیصد سے زائد، تمل ناڈو میں مسلم خواتین ہندوستان خواتین سے زیادہ تعلیم یافتہ ہیں مسلم خواتین کیِ شرح خواندگی82۔9فیصد ہے جب کہ ہندو خواتین کی 72فیصد ہیں۔ 1971 میں جہاں صرف 22 فیصد خواتین تعلیم یا فتہ تھیں ، وہیں 2001 تک یہ 54۔16 فیصدی ہو گیا ۔ا س دوران خواتین خواندگی کی شرح میں 14۔87 فیصد کا اضافہ ہوا اور وہیں مرد خواندگی کی شرح میں اضافہ 11۔72 فیصد ہی رہا۔
آبادی سے متعلق کانفرنس کے موقعے پر جاری کی گئی اقوام متحدہ کی رپورٹ میں جنس کے انتخاب کے نتیجے میں خاص طور پر اِن ملکوں میں ہونے والی مردم شماری میں لڑکوں کی تعداد میں ضافہ درج کیا گیا۔ اقوام متحدہ کے آبادی سے متعلق فند (UNPF) کی طرف سے جاری کی جانے والی ایک تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2010 میں تحقیق کرنے والوں کے اندازے کے مطابق زیادہ تر چین اور ہندوستان میں عورتوں کی تعداد 11کروڑ 70لاکھ کم تھی۔ محققین کا کہنا ہے کہ اس کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ 2030تک اِن دو ملکوں میں عورتوں کے مقابلے میں مردوں کی تعداد 50 فی صد زیادہ ہوگی۔
نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے مطابق خواتین کے خلاف جرائم میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے بلکہ اس کی تعداد میں لگاتار اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔ 1971 کے بعد سے خواتین کے خلاف جرائم میں 357 گنا اضافہ ہوا ہے۔ 2006 کے نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے مطابق خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے 36617 معاملات میں سے 19348 معاملات عصمت دری کے ہیں17414 خواتین کے اغوا کے ہیں جب کہ 2018 معاملات جہیزی اموات کے ہیں اس کے علاوہ 63182 معاملے خواتین کے ساتھ تشدد کے ہیں۔ اسی طرح 2008 خواتین کے خلاف جرائم میں زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے۔ خصوصاً شہروں میں خواتین کے ساتھ مجرمانہ سلوک میں خاطر خواہ اضافہ ہواہے۔ 2008 کے نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے مطابق خواتین کے خلاف جرائم کے ایک لاکھ 95 ہزار 856 معاملات درج کئے گئے تھے۔ ان میں اغوا کے 22 ہزار 939 ، دست درازی کے چالیس ہزار 413، جنسی طور پر ہراساں کرنے کے 12 ہزار 214 اور شوہروں اور رشتہ داروں کے ذریعہ تشدد کے معاملات اکیاسی ہزار 344 تھے۔ اس کے علاوہ خواتین کی عصمت دری کے اکیس ہزار 467 واقعات پیش آئے۔
بوسنیا ہرزے گووینیا میں 1992-95 کی جنگ کے دوران ہزاروں مسلم خواتین کی آبروریزی کی گئی تھی ۔ اسے "ماس ریپ" کا نام دیاگیا ہے۔ اتنے بڑے پیمانے پر اس طرح کے ذلت آمیز سانحات شاید ہی کہیں پیش آئے ہوں۔ بوسینیا کی جنگ میں 20 سے 50 ہزار خواتین کی آبروریزی کی گئی تھی۔ اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارگوٹ والسٹرم کے مطابق پچاس ہزار سے ساٹھ ہزارکے درمیان خواتین کی آبروریزی کی گئی تھی۔ انٹرنیشنل کریمنل ٹریبونل فار فارمر یوگوسلاویہ نے اس انسانیت سوز واقعہ کو" منظم عصمت دری" جنسی غلامی اور نسل کشی کا جنگی جرم قرار دیا تھا۔ افغانستان میں میں 2001 میں امریکی حملہ اورطالبان کے خلاف جنگ کے دوران ہزاروں افغانستانی خواتین آبروریزی کا نشانہ بنایاگیا۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ نہ صرف یہ کہ خواتین کو اپنی عزت گنوانی پڑی بلکہ اس کی پاداش میں وہ جیل میں بند ہیں۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ سینکڑوں افغان عورتیں گھروں سے بھاگنے اور شادی کے علاوہ جنسی تعلقات جیسے اخلاقی جرائم کے باعث جیلوں میں ہیں۔ ان میں کچھ ایسی بھی ہیں جو خود جنسی زیادتی کا شکار ہوئی تھیں۔ ہندوستان میں گجرات فسادات کے دوران سینکڑوں مسلم خواتین کی آبروریزی کی گئی تھی ۔ ان میں سے کئی خواتین کے ساتھ اجتماعی آبروریزی بھی کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ 2007میں شراوستی میں کئی درجنوں مسلم خواتین کی آبروریزی کی گئی تھی مقصد صرف خوف و دہشت قائم کرنا تھا۔ ابھی گزشتہ سال اترپردیش کے استھان میں بھی مسلم خواتین کے ساتھ جنسی تشد د کاواقعہ پیش آیا تھا۔ گزشتہ سال اترپردیش کے کئی شہروں میں پے درپے ہونے والے مسلم کش فسادات میں مسلم خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایاگیا تھا۔ مشہور مصنفہ اروندھتی رائے نے دہلی میں 23 سالہ پیرا میڈیکل کی طالبہ کی اجتماعی آبروریزی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ گجرات میں مسلمانوں کے ساتھ ہوا، کشمیر میں سیکورٹی فورسز کرتے ہیں عصمت دری، منی پور میں بھی ایسا ہوتا ہے لیکن اس وقت تو کوئی آواز نہیں اٹھاتا ہے۔کھیرلانجی میں دلت خاتون اور اس کی بیٹی کو ریپ کر کے انہیں جلا دیا گیا تھا۔ تب تو ایسی آواز نہیں اٹھی تھی۔ ایک جاگیردارانہ ذہنیت ہے لوگوں کی جو تبھی آواز اٹھاتا ہے جب بڑی ذات کے، غلبہ والے لوگوں کے ساتھ دلی میں کچھ ہوتا ہے۔فورسز غریب کشمیریوں کا ریپ کرتے ہیں تو سیکورٹی فورسز کے خلاف کوئی پھانسی کا مطالبہ نہیں کرتا۔ جب کوئی اونچی ذات کا آدمی دلت کا ریپ کرتا ہے تب تو کوئی ایسی مطالبہ نہیں کرتا۔کشمیر میں شورش کے دوران بڑے پیمانے پر عورتوں کی آبروریزی کو فوجیوں نے اسلحہ کے طور پر استعمال کیا تھا۔ مسلم طبقہ میں خوف و دہشت پیدا کرنے کے لئے مسلم خواتین کے ساتھ آئے دن ہندوستان میں آبروریزی کے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔ کم سن لڑکیوں کو اٹھا لیا جاتاہے لیکن مجرموں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی جیسا کہ ابھی حال ہی میں اترپردیش کے پڈرونا میں ہوا ہے۔
یہ تمام اعداد و شمار اور حالات وواقعات یہ بتانے کیلئے کافی ہیں انسان میں ترقی ضرور ہوئی ہے لیکن انسانیت میں زوال اتنا ہی تیزی سے آیا ہے۔ اقدار، احترام ایک دوسرے کے خیال کا جذبہ تیزی سے کم ہورہا ہے۔ اسکول و کالج کی بہت سی لڑکیاں بھی 'یوز اینڈ تھرو' کی پالیسی پر گامزن ہیں جس کا نتیجہ کبھی بہت ہی بھیانک شکل میں برآمد ہوتا ہے۔ خواتین کا عالمی دن منانا ٹھیک ہے اس سے زیادہ ضروری یہ ہے خواتین کے تئیں مردوں کے نظریے میں تبدیلی آئے۔ اس کیلئے کوشش کرنے کی ضرورت ہے لیکن اسی کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے خواتین اور لڑکیوں کو اپنی عزت وعفت کے تئیں زیادہ حساس ہونا ہوگا ۔ ایسے ہر طریقے اور راہ سے گریز کرنا ہوگا جو اس طرف کو جائے۔
***
abidanwaruni[@]gmail.com
موبائل : 9810372335
ڈی۔64، فلیٹ نمبر۔ 10 ،ابوالفضل انکلیو، جامعہ نگر، اوکھلا، نئی دہلی۔ 25
abidanwaruni[@]gmail.com
موبائل : 9810372335
ڈی۔64، فلیٹ نمبر۔ 10 ،ابوالفضل انکلیو، جامعہ نگر، اوکھلا، نئی دہلی۔ 25
عابد انور |
International Women's Day - ideology and mentality towards women needs to change. Article: Abid Anwar
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں