بم دھماکوں اور دہشت گردانہ حملوں کے پس پشت حکومت کا ہاتھ - آر ایس ایس رہنما - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-17

بم دھماکوں اور دہشت گردانہ حملوں کے پس پشت حکومت کا ہاتھ - آر ایس ایس رہنما

جئے پور
آج تک نیوز
نریندر مودی کو وزیر اعظم بنانے کے جوش میں آر ایس ایس کے اندر مسلمانوں سے محبت امڈ آئی ہے ۔ آر ایس ایس رہنما اندریش کمار نے آج کہا کہ ملک میں ہوئے فسادات اور دہشت گردانہ حملوں میں سیمی ، لشکر ، ہیڈلی یا پاکستان کے بجائے ہندوستانی حکومت کا ہاتھ ہے ۔
سیمی کارکنان کو جیل میں بند کرنے اور کئی مسلم تنظیموں کو بین کرنے پر سنگھ نے حکومت ہند کی سرزنش کی ہے ۔ اندریش کمار نے آگے بڑھ کر یہ تک کہہ دیا ہے کہ انہیں تو حکومت ہند صرف الزام دے رہی ہے ، جبکہ ملک میں ہوئے دہشت گردانہ حملے اور فسادات کے پیچھے تو درحقیقت حکومت کا ہاتھ ہے ۔

جے پور میں نریندر مودی کو وزیر اعظم بنانے اور تمام 25 سیٹیں جیتنے کی خاطر "ٹارگیٹ -25" کے زیر عنوان منعقدہ مسلم کانفرنس میں آر ایس ایس کے اعلیٰ سربراہ اندریش کمار کے لہجے میں مسلمانوں کے تئیں ایسی محبت امڈ آئی کہ وہ پاکستان سمیت ملک کی تمام عسکری تنظیموں کو کلین چيٹ دیتے نظر آئے۔ مدھیہ پردیش کی شیوراج حکومت اور راجستھان کی گذشتہ وسندھرا حکومت نے جن سیمی کارکنوں کو مشتبہ سرگرمیوں میں جیل بھیجا وہ بھی اندریش کمار کے بیان کے مطابق عین بیچارے محسوس ہونے لگے ہیں ۔ مودی کو وزیر اعظم بنانے کے مشن میں سرگرم اندریش کمار نے مسلمانوں سے خطاب کرتے ہوئے یہاں تک کہہ ڈالا کہ 2006 سے اب تک ہوئے فسادات کے پس پشت انہیں کسی مسلم یا لشکر جیسی پاکستانی تنظیم کے بجائے حکومت ہند ہی کا ہاتھ نظر آ رہا ہے ۔ ہیڈلی اور لشکر جیسی دہشت گرد تنظیم کے جرائم کو واضح کرنے کے بجائے اندریش کمار نے کہا کہ حکومت ہند ان پر خواہ مخواہ الزامات چسپاں کر رہی ہے ۔

آر ایس ایس لیڈر اندریش کمار نے کہا : "آپ دیکھئے اسی حکومت نے فسادات کے نام پر اور کچھ دھماکوں کے نام پر 2006-07 میں سیمی کے سینکڑوں لوگ پکڑے جو آج تک جیل میں ہیں ۔ پھر پاکستان پر الزام لگایا کہ ان دھماکوں کے پس پشت اس کا ہاتھ ہے ۔ پھر حزب اللہ ، لشکر طیبہ اور ہیڈلی کو مورد الزام ٹھہرایا ۔ سیکورٹی کونسل سے تجویز پاس کرا کے ان تمام پر پابندی لگا دی ۔ پھر کسی پرگیہ اور اسیمانند کو پکڑا گیا"
سنگھ لیڈر نے کہا کہ مسلمانوں کا بھلا بی جے پی ہی کر سکتی ہے ۔ خود کو سیاست سے دور رہنے کی باتیں کرنے والے سنگھ کے لیڈر اس معاملے میں مودی کی قابلیت کو مشتہر کرتے نظر آئے ۔ کانگریس لیڈر رگھو شرما نے آر ایس ایس پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ سنگھ تو عین پاکستان کی زبان بول رہا ہے ، یہ دہرے کردار والے لوگ ہیں ۔

--

1 تبصرہ:

  1. کُـــــــــــــرسی کی چاہ ایسی ھی ھوتی ھے ۔۔۔
    ھم تو چیخ چیخ کر کہتے رھے تھے کہ ایسے واقعات کی کھلے ذھن سے تحقیقات ھوں مگر کسی نے نہیں سُنا تھا
    اب حکومت کا ھوتھ ھے یا کسی اور کا ۔۔۔آگے آگے دیکھئیے ھوتا ھے کیا !!

    جواب دیںحذف کریں