بہار کے بی جے پی لیڈر بھی جسونت سنگھ کے نقش قدم پر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-25

بہار کے بی جے پی لیڈر بھی جسونت سنگھ کے نقش قدم پر

پٹنہ۔
(پی ٹی آئی)
بہار بی جے پی کے سینئر لیڈر منی لال چوبے نے جنہیں بکسر سے ٹکٹ دینے سے انکار کیاگیا، آج اعلان کیا کہ وہ اسی حلقہ سے بحیثیت آزاد امیدوار مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے پارٹی صدر راجناتھ سنگھ کو غلاموں کا صدر قراردیا۔ بکسر سے 4مرتبہ رکن پارلیمنٹ منتخب ہوچکے چوبے نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایاکہ وہ کل پرچہ نامزدگی داخل کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی غلاموں کی پارٹی بن چکی ہے۔ میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے بکسر سے مقابلہ کروں گا۔ انہوں نے جسونت سنگھ کی تائید کی جنہیں راجستھان کے بار میر میں اپنے آبائی ٹاون سے لوک سبھا انتخاب لڑنے ٹکٹ دینے سے انکار کردیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ جسونت جی کے ساتھ انیائے ہوا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ وارانسی میں بی جے پی کے وزارت عظمی امیدوار نریندر مودی کیخلاف انتخابی مہم چلائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ لال منی چوبے بکسر کا بھی اتنا ہی حصہ ہے جتنا وارانسی کا ہے۔ اب میں نقلی بی جے پی سے باہر نکل آیا ہوں تو میں وارانسی میں اور سارے پرو انچل علاقہ میں پارٹی کے خلاف مہم چلاؤں گا۔ انہوں نے کہاکہ بکسر کے باضابطہ امیدوار اشونی چوبے نقلی بی جے پی کے امیدوار ہیں اور انہیں یقین ہے کہ بکسر کے عوام نقلی بی جے پی امیدوار کی شکست کو یقینی بنائیں گے۔ ان اطلاعات پر کہ سینئر بی جے پی قائدین گورنر کے عہدے کا وعدہ کرتے ہیں انہیں منانے کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے کہاکہ وہ گورنر شپ یا کسی اور عہدہ کی لالچ نہیں رکھتے۔ چوبے کو 1996ء میں پہلی مرتبہ بکسر سے منتخب کیا گیا تھا۔ انہوں نے 2009ء تک مسلسل اس حلقہ کی نمائندگی کی۔ اسی سال آر جے ڈی لیڈر جگدانند سنگھ نے انہیں 2000 وٹوں سے شکست دی۔ اسی دوران اشونی چوبے نے جن کا ضلع بھاگلپور سے تعلق ہے، آج بکسر حلقہ سے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔

bihar bjp leader to contest as independent

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں