کجریوال کا آج وارانسی میں مودی کے خلاف اعلان جنگ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-25

کجریوال کا آج وارانسی میں مودی کے خلاف اعلان جنگ

وارانسی۔
(آئی اے این ایس)
عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کجریوال منگل کو یہاں پہنچیں گے تاکہ تاریخی لوک سبھا جنگ شروع کرسکیں۔ ان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ وہ بی جے پی کے وزارت عظمی امیدوار کو یقینی طوپر شکست سے ہمکنار کریں گے۔ کجریوال کل صبح ٹرین سے گنگا کنارے واقع اس قدیم شہر کو پہنچیں گے۔ وارانسی کے 350 نوجوان مردو خواتین اپنے لیڈر کا زبردست اور گرمجوشانہ استقبال کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔ تقریباً25 افراد پرمشتمل ایک ٹیم ایک ایسی حکمت عملی تیار کرنے میں مصروف ہے جس کے مطابق مودی کو شکست دی جاسکے۔ ہندوؤں کے اس مقدس شہر میں لوک سبھا انتتخابات 12مئی کو مقرر ہیں۔ کجریوال کے حامیوں کو 99فیصد یقین ہے کہ دہلی کے سابق چیف منسٹر اس مقابلہ میں بی جے پی کے قد آور قائد کو ہرادیں گے۔ سمان قریشی کی زیر قیادت نئی دہلی سے آئی ہوئی والینٹرس کی ٹیم خاص طورپر بینیا باغ گراونڈ کے قریبی علاقوں میں 20منٹ طویل "نکڑ ناٹک" کررہی ہے۔ کجریوال کل اسی گراونڈ میں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے اپنی انتخابی مہم کا آغازکریں گے۔ سمان نے جو سابق چیف الیکشن کمشنر ایس وائی قریشی کی بھانجی ہیں، آج آئی اے این ایس کو بتایاکہ وہ صرف 10دن میں 150 نکڑ ناٹک کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ان ناٹکوں کے ذریعہ عوام کو بتایاجائے گا کہ صحیح امیدوار کو منتخب کرنا کتنا اہم ہے۔ اس کے علاوہ مخالف رشوت ستانی تحریک کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ سمان نے کہاکہ عوام کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ان کا ووٹ تمام تر تبدیلی لاسکتا ہے۔ نکڑ ناٹک گروپ کے دیگر والینٹرس کا تعلق الہ آیاد، واراناسی اور لکھنو سے ہے۔ کجریوال جو انکم ٹیکس آفیسر سے سماجی کارکن اور سیاستداں بنے ہیں، توقع ہے کہ کل اپنی ریالی میں ایک "ریفرنڈم" کریں گے اور مودی کے خلاف مقابلہ کرنے عوام سے اپنے فیصلے کی منظوری حاصل کریں گے۔ دریں اثناپٹنہ سے آئی اے این ایس کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب جنتادل یو نے آج بی جے پی کے وزارت عظمی امیدوار نریندر مودی کی ستائش پر اپنے لوک سبھا امیدوار صابر علی کو پارٹی سے خارج کردیا۔ جنتادل یو کے قومی ترجمان کے سی تیاگی نے کہاکہ علی کو مخالف پارٹی سرگرمیوں کی پاداش میں خارج کیا گیا ہے۔ جنتادل یو کے ایک اور لیڈر اور بہار کے وزیر آبی وسائل وجئے کمار چودھری نے کہاکہ پارٹی کسی نئے نمیدوار کو شیوہر سے میدان میں اتارے گی۔ صابر علی نے آج مودی کی ستائش کی تو پارٹی کو سخت دھکہ پہنچا۔ صابر علی نے یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ (گجرات میں)، مودی کی پالیسیاں بہت اچھی ہیں اور ان کے ترقیاتی کام بھی قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چھوٹی جماعتیں( جن کا انہوں نے نام نہیں لیا) مسلمانوں کو سیکولرازم کے نام پر دھوکہ دینے کی کوشش کررہی ہیں لیکن مسلمان اس مرتبہ اس کھیل میں نہیں الجھیں گے۔ باور کیا جاتا ہے کہ صابر علی مبینہ طورپر بی جے پی کے ساتھ ربط میں ہیں۔ جنتادل یو نے انہیں راجیھ سبھا کے لئے نامزد کرنے سے انکار کردیا تھا جس پر وہ ناراض ہیں۔

Arvind Kejriwal to declare war on Narendra Modi in Varanasi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں