بیگم پیٹ ایرپورٹ پر ایر شو کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-13

بیگم پیٹ ایرپورٹ پر ایر شو کا آغاز

india-aviation-2014
حیدرآباد۔
(یو این آئی)
بیگم پیٹ ایرپورٹ پر آج انڈیا ایوی ایشن 2014شو کا رنگا رنگ آغازعمل میں آیا۔ اس موقع پر ایک متاثر کن تقریب منعقد ہوئی جس میں ملک کے بیرونی ممالک کے ہوا بازی ماہرین موجود تھے۔ فضائی ارتباط کو بڑھاوا دینے کے مرکزی خیال پر منعقد کیاگیا انڈیا ایوی ایشن کے چوتھے ایڈیشن میں قومی و بین الاقوامی فضائی کمپنیاں حصہ لے رہی ہیں۔ ایرشو کے موقع پر جو 5دن تک جاری رہے گا۔ شعبہ ہوا بازی کی مختلف کانفرنسیں منعقد ہوں گی، جن میں پالیسی معاملات پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ ایربس انڈسٹری کا دیوہیکل طیارہA380 جو امارات ایرلائنس سے تعلق رکھتا ہے بیگم پیٹ ایرپورٹ پہنچ چکا ہے۔ اس کے علاوہ ایرپورٹ پر دیگر کمپنیوں کے طیارے بھی نمائش کیلئے پیش کئے گئے ہیں۔ برطانیہ سے تعلق رکھنے والے پائلٹوں کی ایک ٹیم متاثرکن ایرو بینکس مظاہرے پیش کررہی ہے۔ مرکزی وزیر شہری ہوابازی اجیت سنگھ نے ایرشو کا افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے اپنے افتتاحی خطاب میں بتایاکہ مسلسل وسعت پذیر ایر ٹرانسپورٹ نٹ ورک اور خانگی شعبہ کے لئے ایرپورٹ انفراسٹرکچر کی کشادگی سے ملک میں فضائی ٹریفک میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ اب ہندوستان ملک کی نویں بڑی ہوا بازی مارکٹ ہے جہاں سالانہ 21ملین گھریلو اور 41ملین بین الاقوامی مسافرین کی آمدورفت ہورہی ہے۔ جن کیلئے 85 بین الاقوامی ایرلائنز ہندوستان تک اپنے آپریشنس چلارہی ہیں۔ 5ہندوستانی ایرلائنس بھی 40ممالک تک اپنی پروازیں چلاتی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ہندوستان کا ایرپورٹ نظام 2020 تک 336ملین گھریلو اور 85ملین بین الاقوامی مسافرین کیلئے آمدورفت کی سہولتیں فراہم کرنے کے قابل ہوجائے گا۔ اس طرح ہندوستان دنیا کی تیسری بڑی ہوا بازی مارکٹ بن جائے گا۔ اجیت سنگھ نے بتایاکہ تجارتی طیاروں کے بیڑے کے حجم میں بھی سال 2020ء تک زبردست اضافہ کی توقع ہے اور ملک کی مختلف ایرلائنوں کے پاس سردست 400 طیارے موجودہ ہیں اور ان کی تعداد 2020 تک بڑھ کر ایک ہزار ہونے کا مکان ہے اس کے علاوہ حکومت بارہویں پنچ سالہ منصوبہ کے تحت ایرفورس کے شعبہ میں 12.1 بلین امریکہ ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ رکھتی ہے جس میں امکان ہے کہ9.3 بلین ڈالر خانگی شعبہ سے آئیں گے، جس سے نئے ایرپورٹس کی تعمیر اور موجودہ ایرپورٹس کی توسیع اور انہیں عصری بنانے کا کام کیاجائے گا۔ مرکزی وزیر نے تاہم یہ بھی انکشاف کیا کہ ہندوستان میں ٹریفک کا بہاؤ صرف 72پوائنٹس ہیں جب کہ چین میں یہ 282 ہے، جو ہمارے مقابلئے 4گنا زیادہ ہے۔ برازیل میں 231، ملایشیا میں 1225اور امریکہ میں ایرٹریفک کا بہاؤ 2,896 ریکارڈ کیا گیا ہے جو ہم سے 40 گنا زیادہ ہے۔ ہمارے مقابلے میں سری لنکا بھی 7گنا زیادہ ایرٹریفک رکھتا ہے۔ اس سے اس بات کا اشارہ ملتا ہے کہ مستقبل میں ملک کی ہوا بازی مارکٹ میں کافی وسعت کی توقع ہے اور حکومت، شعبہ کو توسیع دینے کی کوشش کررہی ہے جس کیلئے علاقائی اور دور افتادہ علاقوں میں فضائی ارتباط کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایاکہ حکومت خانگی ایرلائنوں کی بھی حوصلہ افزائی کررہی ہے اور اس کی مثال ہوا بازی کے شعبہ میں 49فیصد راست بیرونی سرمایہ کاری کی اجازت ہے، نتیجہ میں ملک میں بہت جلد دو نئی خانگی کمپنیاں ایر ایشیا اور ڈاٹا سنگاپور ایرلائنز اپنی پروازیں یہاں سے شروع کرنے والی ہیں۔ ریاستی گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے جو تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک تھے بتایاکہ ملک کا پہلا ایرو اسپیس اسپیشل اکنامک زون جو 100 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے شہر کے مضافات میں شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے قریب تعمیر کیا جارہا ہے۔ ایرو اسپیشل اکنامک زون میں ایرو اسپیش کے علاوہ نیوکلیر، اسپیس اور ڈیفنس شعبوں کی ضروریات سے متعلق پراڈکٹس کا وسیع رینج پیش کیا جائے گا۔ سکریٹری وزارت ہوا بازی اشوک لاواسا نے بتایاکہ جاریہ دہے کے آواخر تک حکومت کا منصوبہ ہے کہ ملک کو دنیا کی تیسری بڑی شہری ہوا بازی مارکٹ میں تبدیل کردیاجائے۔ مجموعی ایر ٹریفک میں سالانہ 101 فیصد کی اوسط شرح سے اضافہ کا امکان ہے، جب کہ گھریلو ٹریفک میں 11.4 فیصد اضافہ کی توقع ہے۔ آئندہ 10برسوں میں بین الاقوامی ٹریفک 9.5فیصد کی شرح سے فروغ پائے گی۔ اس موقع پر فرانس کے سفیر فرانکوئی رچرڈ، ڈائرکٹر یو ایس ٹریڈ اینڈ ڈیولپمنٹ ایجنسی لیوکیڈ یا آئی زیاک اور صدرنشین فکی سدھارتھ برلا بھی موجود تھے۔ سدھارتھ برلا نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ جب کہ جوائنٹ سکریٹری شہری ہوابازی جی اشوک کمار نے اظہار تشکرکیا۔

Hyderabad: Five-day international air show starts today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں