یسین ملک گرفتار - شبیر شاہ اور میر واعظ ہنوز نظر بند - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-18

یسین ملک گرفتار - شبیر شاہ اور میر واعظ ہنوز نظر بند

سرینگر۔
(یو این آئی)
جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ(جے کے ایل ایف) کے صدرنشین محمد ےٰسین ملک کو احتیاطی طورپر حراست میں لے لیا گیا تاکہ ان کے لال چوک چلو مارچ کو ناکام بنایاجاسکے جب کہ دیگر کئی علیحدگی پسند قائدین بشمول میر واعظ عمر فاروق اور شبیر احمد شاہ آج مسلسل تیسرے دن نظر بند ہیں۔ جے کے ایل ایف کے ایک ترجمان نے بتایاکہ ےٰسین ملک کو پولیس نے آج صبح میسومہ میں ان کی قیامگاہ سے حراست میں لیا۔ جہاں وہ ہفتہ سے نظر بند تھے۔ جے کے ایل ایف نے فرحت احمد ڈار کی ہلاکت کے خلاف آج دوپہر لال چوک چلو مارچ نکالنے کا اعلان کیا تھا۔ سکیورٹی فورسس نے جے کے ایل ایف کے مزید 12قائدین کو گرفتار کرتے ہوئے لال چوک چلو مارچ کو ناکام بنادیا ہے۔ فرنٹ کے قائدین اور حامیوں نے آج دوپہر جے کے ایل ایف ہیڈ کوارٹر سے لال چوک کی طرف ایک جلوس نکالا تھا۔ اور موافق آزادی نعرے لگارہے تھے۔ سکیورٹی فورسس نے بڈ شاہ چوک پر انہیں روک دیا۔ بعدازاں پولیس نے تقریباً 12جے کے ایل ایف قائدین کو تحویل میں لے لیا اور انہیں کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔ پی ٹی آئی کے بموجب شمالی کشمیر کے ضلع باندی پورہ کے بعض علاقوں میں آج مسلسل تیسرے دن کرفیو برقرار رہا۔ 2دن کی ہڑتال اور تحدیدات کے بعد وادی کے دیگر علاقوں میں آج عام زندگی معمول پر لوٹ آئی۔ ایک پولیس ترجمان نے بتایاکہ باندی پورہ کے بعض علاقوں میں آج بھی کرفیو نافذ ہے۔ انہوں نے کہاکہ وادی کے دیگر علاقوں بشمول سرینگر میں تحدیدات برخاست کردی گئی ہیں۔ سنبل میں جمعہ کے بعد مبینہ پولیس فائرنگ میں ایک 18سالہ نوجوان کی موت کے بعد حکام کو ہفتہ کے دن امتناعی احکام نافذ کرنا پڑا تھا۔ آج صبح ڈاؤن ٹاون اور شہر خاص علاقوں سے سکیورٹی فورسس اور ریاستی پولیس عملہ کو واپس طلب کرلیا گیا ہے اور تمام رکاوٹوں کو ہٹادیاگیا ہے۔

Yasin Arrested, Shabir, Mirwaiz Remain Under Home Detention in Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں