بنگال کے امام اور موذن سرکاری وعدے پورا نہ ہونے سے برہم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-28

بنگال کے امام اور موذن سرکاری وعدے پورا نہ ہونے سے برہم

کولکتہ۔
(ایس این بی)
ریاستی حکومت کی جانب سے ائمہ و مؤذن حضرات کیلئے کئے گئے مختلف اعلانات پر عمل نہ ہونے سے فکر مند آل انڈیا امام مؤذن آرگنائزیشن کی جانب سے بدھ کو ایک جلسہ کا اہتمام کیا گیا۔ ریاست کے مختلف اضلاع سے تقریباً دو ہزار ائمہ و مؤذن حضرات نے اس جلسہ میں شرکت کی۔ مسلم انسٹی ٹیوٹ میں ہوئے اس جلسہ کے دوران ریاستی حکومت سے سوال کیا گیا کہ نیتاجی انڈور اسٹیڈیم میں وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے کئے گئے وعدوں پر اب تک عمل کیوں نہیں ہورہا ہے۔ ائمہ و مؤذن حضرات کیلئے جو وظیفہ شروع کیا گیا ہے اس میں بھی تقریباً 50فیصدسے زائد کو وظیفہ نہیں مل پارہا ہے۔ خاص کر اضلاع کے ائمہ و مؤذن حضرات اس وظیفے سے اب تک محروم ہیں۔ ان کی درخواستوں کو نظر انداز کرنے کی شکایت عام ہے۔ حکومت کے افسران جن کے ذمہ یہ کام ہیں، عدم دلچسپی کے ساتھ تعصب کا رویہ اپنارہے ہیں۔ اس کے علاوہ ائمہ و مؤذن حضرات کیلئے زمین کی فراہمی کا وعدہ کیا گیا تھا جو ا تک پورا نہیں ہوپایا ہے۔ جلسہ میں موجود ایم پی سلطان احمد اور ریاستی اقلیتی کمیشن کی وائس چےئرمین ماریا فرنانڈیز کی موجودگی میں ائمہ حضرات کی جانب سے سوال کیا گیا کہ حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ان کے رہائشی مسئلوں کے ساتھ ان کی تعلیمی مسائل کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اضلاع کیلئے 3کٹھ زمین جبکہ شہر والوں کو فلیٹ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا مگر آج تک کوئی بھی وعدہ پورا نہیں ہوا۔ 1993ء میں سپریم کورٹ کے ذریعے دئیے گئے فیصلہ پراب تک عمل نہیں کیا گیا۔ ائمہ و مؤذن کی تنخواہیں عدالت عظمی نے جو مقرر کی تھی اس کے مطابق تنخواہ جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے کئے گئے وعدوں پر فوری عمل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ جلسے میں اس بات کا اعلان کیا گیا کہ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات پر عمل نہیں کیا تو ہمیں بند کمروں سے نکل کر سڑکوں پر اترنا ہوگا۔ اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کرنے کی بات کرتے ہوئے مقررین نے حکومت کو پیغام دیا کہ وہ سنجیدگی کے ساتھ ائمہ و مؤذن حضرات کے مسائل کو دور کرے اور سپریم کورٹ کی ہدایت پر فوری عمل کرے۔ جلسے میں موجود حکومت کے نمائندوں نے ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ ان کی باتوں کو سنجیدگی سے لینے اور ان کے مطالبات وزیراعلیٰ کے سامنے رکھنے کا اعلان کیا۔ میٹنگ میں موجود خالد عباد اﷲ نے امام و مؤذن کے مسائل کے حل کیلئے پوری طرح تعاون کا وعدہ کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کے ذریعہ کئے گئے وعدوں اور سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرنے کیلئے سڑکوں پر اتر کر تحریک چلانے کی ضرورت ہے۔ میٹنگ میں آل انڈیا امام مؤذن کے کل ہند صدر عمیر الیاس، ریاستی صدر قاری محمد شفیق، خالد عباد اﷲ، سلطان احمد، ماریا فرنانڈیز کے علاوہ دیگر ائمہ و مؤذن حضرات کے نمائندے شامل تھے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں