وارانسی نشست تنازعہ - آر ایس ایس تشویش کا شکار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-10

وارانسی نشست تنازعہ - آر ایس ایس تشویش کا شکار

بنگلور۔
(پی ٹی آئی)
آر ایس ایس نے آج بتایاکہ اسے بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی اور سینئر قائد مرلی منوہر جوشی کے درمیان مبینہ وارانسی نشست تنازعہ پر تشویش ہے تاہم اس نے امید ظاہر کی کہ پارٹی اس مسئلہ کی یکسوئی کرلے گی۔ آر ایس ایس کے جنرل سکریٹری سریش بھیا جی نے اپنی سرکردہ پالیسی ساز تنظیم اکھیل بھارتیہ پرتی ندھی سبھا کے سہ روزہ اجلاس کے اختتام پر صحافیوں کو بتایا کہ ہمیں تشویش ضرور ہے تاہم کوئی پریشان نہیں۔ ہم باور کرتے ہیں کہ بی جے پی کو مناسب تجربہ حاصل ہے جس کا ہم نے ماضی میں کئی مواقعوں پر مشاہدہ کیا ہے وہ اہلیت رکھتی ہے۔ وہ مسائل کی یکسوئی کرلے گی۔ کل بی جے پی کی مرکزی انتخابی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وارانسی لوک سبھا حلقہ کے امکانی امیدوار کے بارے میں مبینہ تنازعہ کی باز گشت سنائی دے رہی تھی۔ اس مسئلہ پر سرگرم تبادلہ خیال بھی ہوا۔ ذرائع نے بتایاکہ بعض ارکان نے اس بات کی وضاحت طلب کی کہ آیا وارانسی سے جوشی کو ہٹادیا جائے گا اور مودی وہاں سے مقابلہ کریں ؟ اس بات پر زور دینے والوں میں سمجھا جاتا ہے کہ خود مرلی منوہر جوشی اور ششما سوراج شامل ہیں۔ جوشی نے بتایاکہ سیاسی جماعتوں ان باتوں پر فیصلہ کرتی ہے۔ اگر کوئی فرد اپنے تاثرات ظاہر کرنا چاہے تو اس میں کوئی قباحت نہیں۔ آر ایس ایس کا موقف کہ آیا سینئر قائد بشمول ایل کے اڈوانی جیسے افراد کو انتخابات میں مقابلہ کرنا چاہئے، پرسوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ آر ایس پارٹی (بی جے پی) کو ہدایات نہیں دے سکتی ہے لیکن وہ صرف اظہار کرسکتی ہے۔ تاہم نوجوانوں کو اپنی جوانی سے بھرپور طاقت کے ساتھ قوم کی خدمت کا موقع دیا جانا چاہئے۔

RSS Not Happy With Modi-Joshi Tussle Over Seat

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں